قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی سے ایران سے آئے ہوئے مجمع ناشران انقلاب اسلامی (انقلاب اسلامی پبلشرز یونین) کے صدر اور عالمی ادبی فلسطین ایوارڈ کے سربراہ ڈاکٹر میثم نیلی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ڈاکٹر میثم نیلی کے ہمراہ وفد میں معروف محقق و مصنف ڈاکٹر جواد کلار، تہران یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر فضلی، فلسطین کلچرل ایکٹیوسٹ خانم سمانہ افشاری اور پاکستان میں عالمی ادبی فلسطین ایوارڈ کے نمائندے ڈاکٹر سید حسن رضا نقوی بھی شامل تھے۔
وفد نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کو فلسطین اور مزاحمتی ادب کے موضوع پر شائع ہونے والی 362 کتابوں میں سے 57 ایوارڈ یافتہ کتابوں کا تعارف کروایا جو 13 مختلف ممالک سے 7 زبانوں میں لکھی گئی ہیں۔ وفد نے آگاہ کیا کہ عالمی ادبی فلسطین ایوارڈ ہر دو سال بعد منعقد کیا جاتا ہے جس میں ناول، شاعری، شارٹ اسٹوری، ڈرامہ (Play) اور بچوں کی کہانیوں سمیت مختلف اصناف میں لکھی گئی کتابوں کو ایوارڈز سے نوازا جاتا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے فرمایا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے ارشادات فلسطین کی حمایت میں نہایت واضح ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کے غاصب اسرائیلی ریاست کے بارے دو ٹوک موقف کے باوجود آج پاکستان میں بعض حکومتی افراد فلسطین کے دو ریاستی حل پر بھی کھل کر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
۔ انہوں نے فلسطین کاز کے لیے پاکستانی قوم کی اب تک دی گئی قربانیوں کا تفصیلی ذکر کیا اور عالمی استعمار، امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مزاحمت اور فلسطین کی آزادی کی تحریک میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای (حفظہ اللہ) کی شجاعانہ اور حکیمانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
آخر میں ایرانی وفد نے قائد ملت جعفریہ پاکستان سے درخواست کی کہ وہ پاکستان سے وابستہ مصنفین، شعراء اور محققین کو تیسرے عالمی ادبی فلسطین ایوارڈ (ستمبر 2026) کے لیے اردو زبان میں تصانیف پیش کرنے کی ترغیب دیں۔
وفد نے بتایا کہ عالمی ادبی فلسطین ایوارڈ کا پہلا مرحلہ 2022 میں لبنان میں شہید سید حسن نصر اللہؒ کی میزبانی میں منعقد ہوا جبکہ دوسرا مرحلہ 2024 میں عراق میں عراقی وزیر اعظم شیاع السودانی کی میزبانی میں انجام پایا۔ اس عالمی ادبی ایوارڈ کا تیسرا مرحلہ ستمبر 2026 میں پاکستان میں منعقد ہونے کے امکانات ہیں۔







