تازه خبریں

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کا تعزیتی ریفرنس، آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کا رہبرِ شہید کو خراجِ عقیدت

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے زیر اہتمام رہبرِ شہید کی یاد میں تعزیتی ریفرنس، قائدِ ملتِ جعفریہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کا خصوصی خطاب

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے زیر اہتمام جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں رہبرِ شہید کی عظیم دینی، علمی، فکری اور انقلابی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک باوقار تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا۔ تقریب میں قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خصوصی خطاب کرتے ہوئے رہبرِ شہید کی دینی، علمی، فکری اور انقلابی جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ملک بھر سے جید علماء کرام، مشائخ، دینی و سماجی شخصیات، مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان، مدارسِ دینیہ کے اساتذہ، و طلاب شریک تھے

اپنے خطاب میں قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ رہبرِ شہید نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، اسلامی بیداری، دینی تعلیمات کے فروغ اور مظلوم اقوام کی حمایت کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کیے رکھی۔ ان کی علمی بصیرت، فکری رہنمائی اور انقلابی کردار آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عظیم رہنما کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے افکار امتِ مسلمہ کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔

تعزیتی ریفرنس میں سربراہ امام خمینی ٹرسٹ علامہ افتخار حسین، حجۃ الاسلام والمسلمین محمد شفا نجفی، سربراہ جماعت اہلِ حرم مفتی گلزار نعیمی، مروجِ فکرِ حسینی حضرت مولانا سید طیب رضا ترمذی، حجۃ الاسلام والمسلمین فدا حسین مظہری، حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر ساجد سبحانی اور ڈاکٹر عون علی غیوری ، فرزند شیخ محسن علی نجفی شیخ اسحق نجفی شریک تھے مقررین نے رہبرِ شہید کی دینی، علمی، فکری اور انقلابی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں امتِ مسلمہ کا عظیم سرمایہ قرار دیا اور ان کے افکار کو عصرِ حاضر میں امت کے لیے رہنمائی کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔

مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ رہبرِ شہید کی تعلیمات اتحادِ امت، ظلم و استبداد کے خلاف مزاحمت، اسلامی اقدار کے فروغ اور انسانی وقار کے تحفظ کا مؤثر پیغام دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو رہبرِ شہید کی فکر، کردار اور سیرت سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں دینی شعور، اخوت اور وحدت کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

تقریب کے اختتام پر رہبرِ شہید کے درجات کی بلندی، امتِ مسلمہ کے اتحاد، پاکستان کے امن و استحکام، عالمِ اسلام کی سربلندی اور مظلوم مسلمانوں کی نصرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان کا خطاب سنیں