تازه خبریں

جامعہ جعفریہ جنڈ کے طلاب کی قم میں قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات

قم ایران : جامعہ جعفریہ جنڈ کے طلاب کی قائد ملت جعفریہ پاکستان سے ملاقات

جامعہ جعفریہ جنڈ کے طلاب کی قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے قم میں ملاقات، علم، تحقیق اور اخلاص پر زور

قم المقدس (جفریہ پریس)
حوزہ و جامعہ جعفریہ جنڈ کے زیر تعلیم طلاب نے قائد ملت جعفریہ پاکستان، نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے قم المقدس میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر طلبہ نے قائد ملت جعفریہ کو خوش آمدید کہا اور حوزات علمیہ ایران میں جامعہ جعفریہ جنڈ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی علمی سرگرمیوں، تعلیمی پیش رفت اور دینی خدمات سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے آغاز میں جامعہ جعفریہ کے سینئر طالب علم حجۃ الاسلام والمسلمین سید عقیل عباس نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ کی علمی، دینی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حوزات علمیہ ایران میں زیر تعلیم جامعہ جعفریہ جنڈ کے طلبہ ملت جعفریہ پاکستان کی علمی، فکری اور تبلیغی ضروریات کو پورا کرنے کے جذبے کے ساتھ حصولِ علم میں مصروف ہیں۔

اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے علمِ دین کے حصول میں اخلاص، محنت، استقامت اور رضائے الٰہی کو بنیادی شرط قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ طالب علمی کا دور زندگی کا انتہائی اہم اور فیصلہ کن مرحلہ ہوتا ہے، جس سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے کیونکہ یہی مرحلہ مستقبل کی علمی، دینی اور سماجی ذمہ داریوں کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف طالب علم یا مولانا کہلانا کافی نہیں بلکہ حقیقی کامیابی اس وقت حاصل ہوتی ہے جب انسان علومِ دینیہ میں گہری مہارت حاصل کرے، علم پر عمل کرے اور اسے معاشرے کی اصلاح، امت کی رہنمائی اور دینِ اسلام کی خدمت کے لیے استعمال کرے۔

آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے مزید فرمایا کہ ایک عالم دین کی ذمہ داری صرف معلومات حاصل کرنا نہیں بلکہ اپنے کردار، اخلاق، تقویٰ اور خدمتِ خلق کے ذریعے معاشرے کے لیے عملی نمونہ بننا بھی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی علمی استعداد میں مسلسل اضافہ کریں، تحقیق، مطالعہ اور علمی جستجو کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور حوزوی تعلیم کے تقاضوں کو پوری سنجیدگی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ پورا کریں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حوزات علمیہ ایران میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ مستقبل میں وطن واپس آکر دین اسلام، مکتب اہل بیت علیہم السلام اور ملت جعفریہ پاکستان کی مؤثر خدمت انجام دیں گے اور علمی و فکری میدان میں معاشرے کی بہترین رہنمائی کریں گے۔

ملاقات کے اختتام پر طلبہ نے قائد ملت جعفریہ پاکستان کی قیمتی نصیحتوں اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا، جبکہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے تمام طلبہ کی علمی کامیابی، دینی توفیقات، صحت و سلامتی اور ملت کی خدمت کے لیے دعا کی۔