مدرسہ امام سجادؑ قم کے وفد کی قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے ملاقات، اتحادِ امت اور باصلاحیت علماء کی تیاری پر زور
قم (جفریہ پریس)
مدرسہ امام سجادؑ قم کے سرپرست اعلیٰ حجۃ الاسلام والمسلمین خضر عباس گھلو، مدرسہ کے مدیر حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد علی نقوی اور اراکینِ مدرسہ نے قائد ملت جعفریہ پاکستان، نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی سے قم میں واقع دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے آغاز میں رہبرِ شہید اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا گیا۔
اس موقع پر قائد ملت جعفریہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایسے علماء کی ضرورت ہے جو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر قوم کی ترقی، بہبود اور رشد و ہدایت کے لیے متحد ہو کر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مدارسِ دینیہ کو ایسے علماء تیار کرنے چاہئیں جن میں شرحِ صدر، برداشت، وسعتِ نظر اور مختلف طبقاتِ امت کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت موجود ہو۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ علماء علم، تقویٰ، اخلاص اور حسنِ اخلاق کے ذریعے معاشرے کی صحیح رہنمائی کریں اور اتحادِ امت، امن و استحکام اور خیر خواہی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں۔
قائد ملت جعفریہ نے طلاب سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چند اہم نکات پر بھی زور دیا:
- آج کے طلاب علمی استعداد اور صلاحیتوں سے بھرپور ہیں اور محنت و اخلاص کے ذریعے اپنے اسلاف کے علمی مقام تک پہنچ سکتے ہیں۔
- طلاب کو چاہیے کہ اپنے اوقات کو منظم رکھیں اور وقت کی بہترین تقسیم کو اپنی علمی زندگی کا حصہ بنائیں۔
- صحت مند اور مفید تفریح ممنوع نہیں، تاہم یہ تعلیم و تربیت میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔
آخر میں آیت اللہ سید ساجد علی نقوی نے مدرسہ امام سجادؑ قم کی علمی و دینی خدمات کو سراہتے ہوئے ادارے کے لیے دعائے خیر کی اور اساتذہ، طلبہ اور انتظامیہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔







