مقدسات کی توہین بین الاقوامی چارٹرز کی خلاف ورزی، شعائر اسلام کی بڑھتی بےحرمتی انتہائی قابل مذمت و قابل تشویش، قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی
دنیا اور اسلامی ممالک اقدامات کو مزید موثر بنائیں تاکہ انتہاءپسندانہ رجحانات کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے، قائد ملت جعفریہ پاکستان
ایک قبیح مہم اور منصوبہ کے ذریعے ہر کچھ عرصہ بعدانتہاءپسند واقعات سامنے آئے جو دنیا کے امن کےلئے خطرناک ہیں، پیغام
اسلام آباد 15 مارچ 2024 ء( جعفریہ پریس پاکستان) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں مقدسات کی توہین بین الاقوامی چارٹرز کی سنگین خلاف ورزی ہے، تمام مذہب و مکاتب کے مقدسات کا احترام لازم ہے، شعائر اسلام کی بڑھتی بے حرمتی کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں،بین الاقوامی دنیا باالخصوص اسلامی ممالک کو اپنا اثرو رسوخ استعمال کرتے ہوئے مقدسات کی بے حرمتی روک تھام کےلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں تاکہ انتہاءپسند رجحانات کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامو فوبیا سے متعلق 15 مارچ کو پاکستان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کی روشنی میں عالمی سطح پر منائے جانیوالے یوم پر اپنے پیغام کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ مقدسات کی توہین بین الاقوامی چارٹرز کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہی انتہاءپسند رویہ بنیادی طور پر انتہاءپسندی کی بنیاد بنتاہے جس کے تدارک کےلئے عالمی دنیا، اداروں اور باالخصوص اسلامی ممالک کو اقدامات اٹھانا ہونگے کیونکہ مقدسات کسی بھی مذہب یا مکتب کی ہو ں انکا احترام لازم ہے کسی کو بھی آزادی اظہار رائے کے نام پر مقدسات کی توہین کی اجازت نہیں دی جاسکتی مگر افسوس مغرب میں بعض رسائل اور افراد آزادی اظہار کا ناجائز استعمال کرکے اربوں انسانوںکے جذبات کو مجروح کرتے ہیں اور یہ سلسلہ تواتر کےساتھ اب بھی جاری ہے لہٰذا اس حوالے سے مزید بہتر انداز میں اقدامات اٹھانا ہونگے کیونکہ اس طرح کے انتہاءپسندانہ رویے ہی انتہاءپسندی اور پھر دہشت گردی کی بنیاد بنتے ہیں جو عالمی امن کےلئے سنگین خطرہ ہے ۔