معروف خطیب اور عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے مشہد مقدس میں دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان کا دورہ کیا۔ جہاں دفتر کے مدیر و نمائندہ قائد مولانا سید عقیل حیدر زیدی اور دفتر کے دیگر اراکین نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر دبیرِ مجلسِ نظارت مولانا سید موسیٰ رضا نقوی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان کی دینی، علمی اور ملی صورت حال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان میں تشیع کو درپیش مشکلات اور چیلنجز کا جائزہ لیا گیا جبکہ موجودہ حالات میں ملت تشیع کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت پر گفتگو ہوئی۔ اس ضمن میں دینی قیادت، علماء کرام اور مذہبی و سماجی اداروں کے باہمی رابطے اور مشترکہ جدوجہد کی اہمیت بھی زیرِ بحث آئی۔
اسی طرح قوم کو درپیش مختلف مسائل کے حل اور عوامی شعور کی بیداری میں منبر کے کردار پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر منبر کو صرف مذہبی تعلیمات اور احکام کی تبلیغ کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ معاشرتی اصلاح، فکری تربیت، اتحاد و وحدت کے فروغ اور قومی و ملی مسائل کے حوالے سے عوام کی رہنمائی کا ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا گیا۔
ملاقات میں مختلف علمی، تنظیمی اور دینی امور بھی زیرِ بحث آئے اور باہمی مشاورت کے ذریعے ان شعبوں میں مزید بہتری اور پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دورے کے اختتام پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی قیادت میں دینی، علمی اور قومی و ملی میدانوں میں اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔