جعفریہ پریس – سابق مشیر زراعت و خوراک کپٹن (ر) سکندرعلی ساتھیوں کے ہمراہ اسلامی تحریک پاکستان / شیعہ علماء کونسل میں شامل ہو گئے۔ کپٹن (ر) سکندر علی کو بڑی ریلی کی شکل میں ان کی اسکردو میں واقع رہائش گاہ سے اسلامی تحریک پاکستان کے دفتر میں لایا گیا جہاں انہوں نے پریس کانفرنس میں اسلامی تحریک پاکستان میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ کپٹن(ر) سکندر علی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام کی مشاورت اور تجویز سے اسلامی تحریک پاکستان میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے اورانشاءاللہ مرتے دم تک اس جماعت کے ساتھ رہوں گا- انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں مر بھی جاوں تو میری روح اسلامی تحریک پاکستان کے ساتھ رہے گی۔ کپٹن(ر) سکندر علی نے کہا کہ 1994 کے انتخابات میں میرے والد حاجی صادق علی نے تحریک جعفریہ کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا اور بھاری مینڈیٹ لے کرکامیاب ہوئے بعد میں جماعت پر پابندی لگی اب دوبارہ یہ جماعت اسلامی تحریک پاکستان کی شکل میں بڑی شان و شوکت کے ساتھ سامنے آگئی ہے انشاءاللہ یہ جماعت بہت ہی کامیاب اور فعال ہوگی اور کوئی قوت اس جماعت کو ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان نے ہمیشہ خطے کے آئینی بنیادی حقوق کی جنگ لڑی ہے آئندہ بھی یہ جماعت حقوق کی جنگ میں پیش پیش رہے گی۔ کپٹن(ر) سکندر علی نے کہا کہ میں نے اسلامی تحریک پاکستان میں غیر مشروط طور پر شمولیت اختیار کی ہے ٹکٹ ملے نہ ملے اس جماعت کے ساتھ وفادار رہوں گا۔