اسلامی تحریک پاکستان کا قومی انتخابات کو بروقت ، آزادانہ اور شفاف بنانے کا مطالبہ
قومی انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا، نومبر کے وسط میں اسلامی تحریک پاکستان کے سیاسی سیل کا اجلاس طلب کر لیا گیا ۔
اسرائیل کی فلسطینی عوام پر وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہیں ،حکومت پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کرے، اسلامی تحریک پاکستان
راولپنڈی / اسلام آباد 14اکتوبر 2023ء( جعفریہ پریس پاکستان ) اسلامی تحریک پاکستان نے قومی انتخابات کو بروقت منعقد کرنے پر زور دیتے ہوئے آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلئے حکمرانوں سے ترجیحی اور مناسب اقدامات کا مطالبہ کیا ہے اور اس ضمن میں قومی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے نومبر کے وسط میں اسلامی تحریک پاکستان کے سیاسی سیل کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔ جبکہ اسلامی تحریک پاکستان نے فلسطین میں اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل اور اس کے پشت پناہ عالمی سامراج کو مظلوم فلسطینی عوام کے قتل عام کے تدارک کیلئے حکومت پاکستان سے او آئی سی اور اقوام متحدہ میں بھرپور کردار ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس کا اعلان راولپنڈی میں منعقدہ اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ جس کی صدارت قائد اسلامی تحریک پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کی۔ اس اجلاس میں ملکی امن و امان سمیت سیاسی و مذہبی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا اور متعدد نکات پر گفتگو و شنید کے بعد متعدد فیصلے کیے گئے۔ جس کے تحت اسلامی تحریک پاکستان نے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے 18نومبر 2023ءکو لاہور میں سیاسی سیل کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ جبکہ اسلامی تحریک پاکستان نے انتخابات بروقت کرانے کو ملکی داخلی و معاشی استحکام کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے حکومت سے آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلئے ترجیحی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس میں اسرائیل کی مظلوم فلسطینی عوام پر وحشیانہ بمباری سے بچوں ،خواتین اور بزرگوں کے قتل عام اور ان پر خوراک اور پانی کو بند کرنے کو ظلم و جارحیت قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کے غیور عوام اپنے فلسطینی مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہیں اور وہ اسرائیل اور اس کے پشت پناہ عالمی سامراج کی ہر فورم پر بھرپور مذمت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ و دیگر فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام کے قتل عام کے تدارک کیلئے او آئی سی اور اقوام متحدہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس مدرسہ زینبیہ چکری راولپنڈی میں جاری ، قائد ملت جعفریہ پاکستان آیت اللہ سید ساجد علی نقوی کی اجلاس میں خصوصی شرکت ،
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی ،مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی و علامہ رمضان توقیر ، جناب حسنین مہدی ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ سمیت ملک بھر سے مرکزی و صوبائی عہدیداران شریک۔




