تازه خبریں

اسلام آباد : وزیر اعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس

وزیر اعظم محمد نوازشریف کی صدارت میں ہونے والےاجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملک میں امن کی مکمل بحالی حکومت اور تمام ریاستی اداروں کی اولین ترجیح رہے گی۔ اسلام آباد میں چھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے مختلف پہلوؤں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اورملک کے ہر کونے سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا گیا ۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ انٹیلی جنس اداروں کا قومی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ہے اس لئے انہیں تمام ضروری وسائل اور مدد فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس حوالے سے ملک کو غیر مستحکم کرنے والی دشمن خفیہ ایجنسیوں کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے دشمن عناصر کی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کیلئے مربو ط کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے اعلیٰ سطح پر ایک ٹاسک فورس کے قیام پر بھی اتفاق ہوا۔یہ ٹاسک فورس وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ محکموں کے سینئر نمائندوں پر مشتمل ہو گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہدایت کی کہ نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشتگردی کا ناسور مکمل طور پرختم کرنے کیلئے کارروائی بروقت اور نتیجہ خیز ہونی چاہیے۔