اقوام عالم کشمیریوں کو انصاف دلانے میں عملی کر دار ادا کرے ، علامہ عارف واحدیبھارت کی جانب سے آرٹیکل 370میں تبدیلی بد نیتی پر مبنی ہے جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کے حق سے محروم رکھنا ہے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کا جو طریقہ اسرائیل سے سیکھا ہے اس میں اسے ناکامی ہو گی۔ہم پوری دنیا کو پیغام دیتے ہی کہ پاکستان کے عوام کبھی بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
راولپنڈی /اسلام آباد 5 فروری 2021ء( جعفریہ پریس پاکستان )شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے 5فروری کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اقوام عالم حُریت رہنماﺅں کی آزادای ، عوام پر ظلم و ستم اوربھارتی تسلط سے نجات اور کشمیریوں کو انصاف دلانے میں عملی کردار ادا کرے ،مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا فیصلہ کشمیریوں کے امنگوں کے مطابق کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ انڈیا آئین کا آرٹیکل 370 بحال اور جموں و کشمیر کو ایک ریاست کا حق دے ۔بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370میں تبدیلی بد نیتی پر مبنی ہے جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کے حق سے محروم رکھنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کا جو طریقہ اسرائیل سے سیکھا ہے اس میں اسے ناکامی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ شملہ معاہدے میں کہا گیا کہ دو طرفہ مذاکرات کیے جائیں گے لیکن 1973 سے آج تک بھارت کبھی کشمیر پر بات کرنے کے لیے آمادہ نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے، ہم کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں، اگر کشمیری خود نیم خود مختار حیثیت کے خاتمے کو تسلیم کرتے تو آج بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ اور عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں پریس کے لیے راستہ کھلوائیں، ہمارامطالبہ ہے کہ بھارت نے جنیوا کنویشن اور اقوامِ متحدہ کی قرادادوں کے خلاف جو تبدیلیاں کی ہیں انہیں واپس لیا جائے جبکہ اقوامِ متحدہ اپنا وعدہ پورا کرے۔آخر میں علامہ عارف واحدی کا کہنا تھاکہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری بہن، بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد ہوگا۔ مظالم کے باوجود ہمارے کشمیری بھائی اور بہنیں اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد پر قائم ہیں، کشمیریوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ ان کا جینا مرنا پاکستان ہے اور پاکستان کا جینا مرنا بھی کشمیریوں کے ساتھ ہے۔اور ہم پوری دنیا کو پیغام دیتے ہی کہ پاکستان کے عوام کبھی بھی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔