یومِ آزادی گلگت بلتستان تاریخی قربانیوں، جذبۂ حریت اور وفائے پاکستان کی علامت ہے، گلگت بلتستان کو جائز آئینی حقوق دیے جائیں۔ سید فتح رضوی
راولپنڈی جعفریہ پریس پاکستان: یکم نومبر 2026ء جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید فتح رضوی نے یومِ آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ یکم نومبر گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک عظیم اور ناقابلِ فراموش دن ہے، جو خطے کے غیور عوام کی بے مثال قربانیوں، جرات، غیرت اور جذبۂ حریت کی یاد دلاتا ہے۔
مرکزی صدر جے ایس او کہا کہ اس تاریخی دن گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈوگرہ راج کے جابرانہ تسلط کا خاتمہ کرکے آزادی حاصل کی۔ بعد ازاں 16 روزہ آزاد ریاست کے قیام کے بعد کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر پاکستان سے الحاق کرکے اپنی دینی وابستگی اور قومی وفاداری کا عملی اظہار کیا۔
سید فتح رضوی کا مزید کہنا تھا کہ آج ان عظیم قربانیوں کا تقاضا ہے کہ گلگت بلتستان کو اس کا جائز آئینی و جمہوری مقام اور بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔ بالخصوص نوجوان نسل کی تعلیم، روزگار اور ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور گلگت بلتستان کے طلبہ و طالبات کو پاکستان کے دیگر صوبوں کے طلبہ کے برابر تعلیمی سہولیات، وظائف اور ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
مرکزی صدر نے کہا کہ آزادی کی حقیقی تکمیل اسی وقت ممکن ہے جب گلگت بلتستان کے عوام کو مساوی حقوق، باوقار شناخت اور روشن مستقبل کی ضمانت فراہم کی جائے۔