تازه خبریں

یوم شہادت امام حسن عسکری ؑپر قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پیغام

  امام حسن عسکری  نے اسلام کی ترویج کیلئے بے پناہ جدوجہد کی،قائد ملت جعفریہ

  امام حسن عسکری  نے اسلام کی ترویج کیلئے بے پناہ جدوجہد کی،قائد ملت جعفریہ
 امام  کی عظمت و بزرگی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ پوری کائنات جس مسیحا کی منتظر ہے وہ انہی کے فرزند صالح حضرت امام مہدی  ہیں، علامہ ساجد نقوی
 امام حسن عسکری کی سیرت پر عمل کرکے انسانیت کو مسائل سے نجات دلائیں اور عدل و انصاف سے مزین معاشرے تشکیل دیں،یوم شہادت پر پیغام
راولپنڈی/ اسلام آباد12 ستمبر2024 ء (     جعفریہ پریس پاکستان      ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 8 ربیع الاول امام حسن عسکری کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ الحسن ابن علی’ ابو محمد کنیت اور عسکری کا لقب پانے والے گیارہویں امام نے نہایت کٹھن اور نامساعد حالات میں اپنے والد گرامی حضرت امام علی نقی   کی شہادت کے بعد منصب امامت  سنبھالا۔سنت و سیرت رسول اکرم ۖ اور امیر المومنین حضرت علی  سمیت اپنے اجداد سے ودیعت ہونے والے علم’ مرتبے’ منزلت’ روحانیت اور عمل کے ذریعے اپنے وقت کے عام انسان’ عام مسلمان اور حکمران کو رشد و ہدایت فراہم کی جس کے اثرات ان کے دور میں ان کے معاشرے اور ماحول میں واضح انداز میں مرتب ہوئے اور لوگوں کی کثیر تعدادسچائی کی طرف متوجہ ہوئی۔علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ محض 28  سال کی عمر میں درجہ شہادت پر فائز ہونے والے امام حسن عسکری  نے اپنی مختصرحیات طیبہ میں بھی دین کی ترویج و اشاعت اور حقیقی تعلیمات کے فروغ کے لئے بے پناہ جدوجہد کی اور اس راستے میں اس وقت کے حکمرانوں کے ظلم و ستم اور قید و بند کی صعوبتیں تک برداشت کرتے ہوئے مخلصین کے ذریعہ پیغام صداقت عوام تک پہنچایا۔علامہ ساجد نقوی کا مزید کہناہے کہ فطری تقاضا ہے کہ جب بھی مشکلات گھیرے میں لیتی ہیں اوران کے ساتھ ظلم و زیادتی کی انتہا ہوتی ہے توانسانی معاشروں میں نا انصافی، بے عدلی، تشدد اور برائیوں کا رواج ہوتا ہے تو وہ ایک مسیحا کے منتظر ہوتے ہیں کہ جو انہیں مشکلات سے نکالے۔ ظلم کا خاتمہ کرکے معاشرے کو برائیوں سے پاک کرے، ایک پرامن، صالح اور نیکی پر مبنی معاشرہ قائم کرے ۔ چنانچہ حضرت امام حسن عسکری   کے عظمت و بزرگی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ پوری کائنات جس مسیحا کی منتظر ہے وہ انہی کے فرزند صالح حضرت امام مہدی  ہیں۔قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ دور حاضر میں دنیائے انسانیت کو بالعموم اور عالم اسلام کو بالخصوص جن بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا ہے اور انسانی معاشرے جس گراوٹ کا شکار ہوچکے ہیں ان میں انسانوں کو ہدایت اور روحانیت کی ضرورت ہے جو انہیں حضرت امام حسن عسکری ع کی سیرت کا مطالعہ کرکے اور اس پر عمل کرکے حاصل ہوسکتی ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم انکی سیرت پر عمل کرکے انسانیت کو مسائل سے نجات دلائیں اور حقیقی اسلامی و جمہوری سسٹم رائج کرکے عدل و انصاف سے مزین معاشرے تشکیل دیں اور اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کریں۔