امام رضاؑ کے ارشادات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، قائد ملت جعفریہ پاکستان
راولپنڈی/اسلام آباد: (جعفریہ پریس پاکستان ) قائد ملت جعفریہ پاکستان سید ساجد علی نقوی نے امام علی بن موسیٰ رضا کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام رضاؑ کے علم و حکمت سے لبریز ارشادات آج بھی انسانیت کیلئے رہنمائی کا سرچشمہ اور مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ائمہ اطہارؑ کی سیرت و کردار کو اپنا کر دنیوی و اخروی نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق امام رضاؑ نے اپنے والد امام موسیٰ کاظم کی شہادت کے بعد نہایت مشکل حالات میں منصب امامت کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور دین اسلام کی نشر و اشاعت کیلئے نمایاں کردار ادا کیا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان کا کہنا تھا کہ امام رضاؑ نے سیاست، سماجیات، اصلاح معاشرہ اور انسانی فلاح کے مختلف شعبوں میں رہنمائی فراہم کی، جبکہ ادیان عالم کے مقابل دین حق کی برتری کو دلائل و براہین کے ذریعے واضح کیا۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں متعدد علمی مناظروں میں امام رضاؑ نے اپنے معاصرین کو قائل کیا اور حقانیت اسلام کو اجاگر کیا۔ ان کی علمی و فکری خدمات آج بھی اہل علم کیلئے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ ہمیں امام رضاؑ کی حیات طیبہ کا مطالعہ کرکے ان کے اقوال و افعال کی پیروی کرنی چاہیے تاکہ اپنی زندگیوں کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ائمہ اطہارؑ کی تعلیمات پر عمل ہی معاشرتی اصلاح، اتحاد اور کامیابی کا راستہ ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ روضہ امام رضا آج بھی دنیا بھر کے زائرین کیلئے مرکزِ عقیدت ہے جہاں سے روحانی فیض حاصل کیا جاتا ہے۔