تازه خبریں

امام حسینؑ کایوم ولادت انسانیت کیلئے مسرت کا دن ہے ، علامہ ساجد نقوی

امام حسینؑ کایوم ولادت انسانیت کیلئے مسرت کا دن ہے،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی

امام حسینؑ کایوم ولادت انسانیت کیلئے مسرت کا دن ہے،علامہ ساجد نقوی
امام ؑ نے انبیاءکرام کے مشن اصلاح کو اپنا مطمع نظر قرار دیا ،قائد ملت جعفریہ پاکستان
نظام کی اصلاح اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کیلئے سب کچھ قربان کردیا جو تا قیامت تک رہنمائی کا مینار قرار پایا
راولپنڈی /اسلام آباد 6مارچ 2022 ء(جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستا ن علامہ سید ساجد علی نقوی نے نواسہ پیغمبر اکرم ‘ محسن انسانیت حضرت امام حسین ؑ کی ولادت باسعادت (3شعبان المعظم ) کے موقع پر کہا کہ حسین ابن علی ؑ کایوم ولادت انسانیت کیلئے مسرت کا دن ہے‘ امام عالی مقام کی ذات گرامی جملہ اوصاف حمیدہ کی حامل ہے۔ آپ کی سیرت کا ہر پہلو عالم انسانیت کی رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ کیونکہ آپ نص قرآنی کے مطابق ابن رسول ہیںاور آپ کی حیات مبارکہ رسول معظم سے اکتساب کا فیض ہے اور جو زندگی سیرت رسول کا عین عکس اور اور مجسمہ ہو اس کا ہر فعل اور اقدام احکام الہی کے تابع ہوتا ہے۔علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین ؑ کے ساتھ پیغمبر اکرم کی محبت اور وابستگی احادیث مبارکہ سے بھرپور انداز میں عیاں ہوتی ہے۔ رسول خدا نے امام حسین ؑ کو اپنااور خود کو امام حسین ؑ کا قرار دے کر عالم انسانیت پر واضح کردیا کہ ان دونوں ہستیوں کا باہمی تعلق گہرا اور راسخ ہے۔ لہذا نبوت و لایت کے پاکیزہ گھرانے میں پرورش پانے والی اس پاکیزہ ہستی کی سیرت و کمالات کا مطالعہ اور ان تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہی ہمیں گناہ آلود معاشرے کو دینی اقدار اور جذبہ حریت کے ذریعے اسلام کے سانچے میں ڈھالنے کے لئے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔علامہ ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ امام ؑ نے انبیاءکرام کے مشن اصلاح کو اپنا مطمع نظر قرار دیا اور امام ؑنے زندگی کے تمام شعبوں ، سیاست ، معیشت ، معاشرت اور جاری نظام کی اصلاح کیلئے سب کچھ قربان کردیا جو تا قیامت رہنمائی کا مینار قرار پایا ۔انہوں نے کہا کہ فرزند رسول اکرم حضرت امام حسین ؑنے کی جدوجہد کا اثر ہے کہ دنیائے عالم میں حریت و استقلال پر مبنی تمام تحریکوں نے تحریک کربلا سے درس حریت حاصل کیااور جب حریت پسندوں کو اپنی جدوجہد کے لئے بہترین قیادت کی ضرورت محسوس ہوئی تو انہوں نے حضرت امام حسین ؑ کی لازوال شخصیت کی طرف رجوع کیا اور ان کے کر دار سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی جدوجہد آگے بڑھاکر کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ نواسہ رسول اکرم حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین کے غلبے‘ اسلامی شعائر و اقدار کے فروغ،جامع اور وسیع تر امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے لئے ایسی لہو رنگ جدوجہد کی جو تاقیامت ہر حریت مند اور صاحب عمل کے لئے رہنمائی کا مینار قرار پاتی رہے گی۔علامہ ساجد نقوی نے امت مسلمہ پر زور دیا کہ وہ حضرت امام حسین ؑکے الہی‘ آفاقی اور مجاہدانہ کردار کو مشعل راہ بناتے ہوئے عالم اسلام کے مسائل کو حل کرے اور ظالم و جابر قوتوں کے خلاف ڈٹ جائے اور ان پر واضح کردے کہ ہم حسینی ہیں جو ظلم و جبر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار تو بن سکتے ہیں لیکن اپنے نظریات اور اصولوں سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔