تازه خبریں

امت مسلمہ کا اتحاد ہی مسائل کا حل ہے، یوم القدس کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کریں ، قائد ملت جعفریہ پاکستان

جعفریہ پریس-  غزہ (فلسطین) میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف نمائندہ ولی فقیہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی زیر صدارت ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں کی اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ امت مسلمہ کا اتحاد ہی مسائل کا حل ہے، ہم عالمی سطح پر جمعۃ الوداع کے موقع پر منائے جانے والے یوم القدس کو پاکستان بھر میں مل کر منانے کا اعلان کرتے ہیں عوام یوم القدس کی ریلیوں میں بھرپور شرکت کرے اور حکومت نیز تمام ملکی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس روز فلسطینیوں کے حقوق کی بازیابی اور ان سے اظہار یکجہتی نیز قبلہ اول کی آزادی کے لئے مل کر آواز بلند کریں- ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے پاکستان کے صدر اور ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی ، کونسل میں شامل جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی ، وفاق المدارس شیعہ کے حافظ ریاض حسین نجفی، مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے پروفیسر ساجد میر، متحدہ علمائے کونسل کے مولانا عبدالروف ملک، جماعۃ دعوۃ پاکستان کے پروفیسر حافظ محمد سعید، وفاق علماء شیعہ پاکستان کے علامہ سید رضی جعفر نقوی، جماعت اہلحدیث پاکستان کے عبدالغفار روپڑی، تنظیم اسلامی کے حافط عاکف سعید، تحریک احیائے خلافت کے قاضی ظفرالحق، جمعیت اشاعت توحید و سنت کے مولانا چیب طاہری، جمعیت اتحاد العلمائے پاکستان کے مولانا عبدالمالک،  تنظیم العارفین کے صاحبزادہ سلطان احمد علی، تحریک فیضان اولیاء کے دیوان عظمت شاہ،  جمعیت علمائے اسلام سینیئر گروپ کے پیر عبدالرحیم،  مشائیخ اسلام پاکستان کے پیر عبدالشکور نقشبندی  اور مولانا امین شہیدی نے اپنے مشترکہ بیان میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 18 جولائی جمعہ کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف یوم مذمت اسرائیل منانے کا اعلان کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت فلسطینیوں کی نسل کشی اور قتل و غارت گری روکنے کے لئے او آئی سی کا فوری اجلاس طلب کرے، جس میں اسرائیل کی اس جارحیت کے خلاف تمام مسلم ممالک کوئی ٹھوس لائحہ عمل کا اعلان کریں تاکہ روز روز کی اسرائیل کی اس دہشت گردی کا کوئی سدباب ہوسکے۔ اقوام متحدہ کا فرض بنتا ہے کہ کسی دباو میں آئے بغیر اسرائیل کی اس دہشت گردی کو رکوانے کی بھرپور سعی کرے اور بین الاقوامی قوانین پر عمل کرانے کے لئے اپنا بھرپور اثرورسوخ استعمال کرے۔