جعفریہ پریس – وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نو منتخب صدر حضرت آیت اللہ سید حافظ ریاض حسین نجفی نےکہا ہے کہ پاکستان کے سعودی یمن تنازعہ میں فوج کو ملوث کرنے کے ملکی سلامتی کو نقصانات شدید ہوں گے، ہمیں جہاد افغانستان کا حصہ بننے کی غلطی سے سبق سیکھنا چاہیے، کہیں آنے والی نسلیں ہمیں اس پر بھی ملامت نہ کریں۔ جامعہ المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور میں خطاب کرتے ہوئے حضرت آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے مزید کہا کہ یمنی عوام اپنے حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں، ان کے خلاف ہمیں کسی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے، امریکہ کی جنگ میں سعودی عرب کے ذریعے پاکستان کو استعمال کیا جا رہا ہے، فوج کے دستے یمنی عوام سے لڑنے کے لئے نہ بجھوائیں، فیصلہ واپس لیا جائے۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر نے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت پر ہماری جانیں بھی قربان مگر مقدس مقامات کو کوئی خطرہ نہیں، آل سعود حرمین شریفین کے تحفظ کے واویلا کی آڑ میں اپنی بادشاہت کو بچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی جغرافیائی سرحدوں میں مداخلت قرآنی اور نبوی تعلیمات کے خلاف ہے۔ پاکستان کو کسی ایسی مہم جوئی کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ اس سے ہماری اپنی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ حضرت آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے کہا کہ مذاکرات ہی تنازعات کا حل ہیں، ہمیں پارٹی بننے کی بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے، افغانستان کی جنگ پر بھی لوگوں کو بڑا جذباتی کیا گیا تھا مگر بعد میں نتائج نے ثابت کیا کہ نقصان اٹھانے والے صرف ہم ہی تھے، باقی اتنا متاثر نہیں ہوئے۔