تازه خبریں

ایران اور عراق کے مشترکہ مفادات کے خلاف موقف اختیار نہیں کریں گے: مقتدی صدر

عراق کے صدر تحریک کے سربراہ اور جید عالم دین مقتدی صدر نے عراق کے قومی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عراق اور ایران کے تعلقات تاریخی اور اسٹریٹجک ہیں۔ 

انہوں نے تاکید کی کہ وہ کبھی بھی خطے کے پیچیدہ حالات میں ایران اور عراق کے مفادات کے خلاف موقف اختیار نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے علاقائی ممالک کے دوروں کا مقصد خطے میں پائیدار امن اور امان کی بحالی کے لئے تعاون بڑھانا تھا۔ 

مقتدی صدر کا کہنا تھا کہ ان کے عرب ممالک کے دورے، عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی سے صلاح و مشاورت کے بعد انجام پائے ہیں۔

واضح رہے کہ مقتدا صدر نے ابھی حال ہی میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور ان ممالک کے اعلی حکام سے ملاقاتیں کیں جس پر عالمی میڈیا کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا تھا۔

مقتدی صدر کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی حکام نے گزشتہ دنوں موقف اختیار کیا کہ ریاض نے عراق سے تہران کیساتھ تعلقات میں بہتری لانے کیلئے ثالثی کی درخواست نہیں کی ہے جبکہ عراقی حکام کا کہنا ہے کہ صدر تحریک کے سربراہ سعودی حکام کی دعوت سے ہی ریاض کا دورہ کرچکے ہیں۔