تازه خبریں

ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ،علامہ عارف واحدی

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کا سراغ لگا کرانہیں جلد از جلد گرفتار کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن بڑی کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔ دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے تمام سیاسی جماعتیں حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہی ہیں اورتما م سیاسی و مذہبی جماعتیں چاہتی ہیں کہ کراچی میں مکمل طور پر امن قائم ہو اور دہشتگردوں کا مکمل طور پرخاتمہ ہو جائے تاکہ کراچی کی عوام کو پُرامن فضاء میسر ہو ۔علامہ عارف حسین واحدی نے کہا قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بھی ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ ملک اس وقت انتہائی نازک ترین دور سے گزر رہا ہے ۔ اس وقت ملک میں دہشتگردوں اور امن خراب کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے چل رہا ہے جس کے رد عمل میں اس قسم کے واقعات کے رونما ہونا فطری عمل ہے لیکن اس قسم کے واقعات کو روکنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اہم شخصیات اورعوام کی زندگیوں کو محفوظ بنایاجاسکے ۔ آخر میں انہوں ریاستی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک پر آہنی ہاتھ ڈالتے ہوئے ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو قانون کے شکنجہ میں لے کر قانون کے کٹہرے میں لاتے ہوئے انہیں کیفروکردار تک پہنچایا جائے ۔