جعفریہ پریس  قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نیکہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے پر جوش عوامی جدوجہد کے ہمراہ جس آزاد اور مختار مملکت کے قیام کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچایا اس کی سا لمیت اور بقا کے لئے ملک کے تمام طبقات کے ساتھ ساتھ حکمران طبقہ پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہو تی ہیں ۔62سال گذرنے کے باوجود یہی مشاہدہ سامنے آیا ہے کہ عوامی طبقات نے خاطر خواہ اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں اور غربت ،افلاس ،تنگدستی اور دیگر مسائل و مشکلات کو برداشت کرتے ہوئے وطن عزیزکی سا لمیت کے تحفظ کیلئے قربانیاں دی ہیں لیکن حکمران طبقے نے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری سے ادا کرنے میں تساہل سے کام لیا ہے ۔بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت اور کرسمس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کا یہ المیہ رہا ہے کہ یہاں طبقاتی تفاوت ،عدم مساوات ،عدل و انصاف کا فقدان چلا آرہا ہے جس کا بنیادی سبب یہ ہے کہ حکمران طبقوں نے جو نظام رائج اور متعارف کرایا اس نظام میں عوام کی حالت زارکو بہتر بنانے سے زیادہ ان کے اپنے مفادات کا حصول اور تحفظ جیسے مقاصد کار فرمارہے جس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ تمام مکاتب و مسالک کے ہمراہ مسیحی بھائیوں نے بھی تشکیل پاکستان میں انتھک جدوجہد کرتے ہوئے بے مثال قربانیاں پیش کیں اور اس وقت تعمیر پاکستان میں برابر کے شریک ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کی ان اقلتیوں کوکسی بھی مرحلے پر عدم تحفظ یا امتیازی سلوک کا احساس نہ ہو نے دیا جائے اور ہر حال میں ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے ۔علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قائد وعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو داخلی اور خارجی طور پر مضبوط ،مستحکم اور خوشحال بنانے کے لئے لازم ہے کہ حکمران طبقات اچھے اور بروں کی تمیز کو یقینی بنائیں تاکہ معاشرے میں بگاڑ اور انتشار و انارکی کا خاتمہ ہو سکے ۔ظالم و مظلوم ،قاتل و مقتول ،دہشت گرد و امن پسند وں میں فرق کئے بغیر توازن کی ظالمانہ پالیسیوں پر عمل پیرا رہ کر کبھی بھی ملکی سلامتی اور قومی وحدت کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہو سکتا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here