تازه خبریں

بزدلانہ اقدامات سے نہ تو زائرین کی مقدس ہستیوں کے حوالے سے عقیدت و احترام میں کمی لائی جاسکتی ہے اور نہ ہی ان کے شوق زیارت کودبایا جاسکتا ہے۔

جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کے مطابق صوبہ بلوچستان کے صدر علامہ سید حسن مبلغ اور صوبائی جنرل سیکریٹری لیاقت علی ہزارہ کی انتھک کوششوں اور شب و روز کی جدوجہد اور قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی کی لمحہ بہ لمحہ رہنمائی ‘ ہدایات اور سرپرستی کی بدولت گذشتہ کئی روز سے تفتان اور کوئٹہ میں مقامات مقدسہ کی زیارت سے آنے اور جانے والے زائرین کے رکے ہوئے قافلوں بخیر و عافیت اپنی منزل مقصود تک پہنچ گئے جس پر شیعہ علماء کونسل پاکستان بلوچستان کے صدر علامہ سید حسن مبلغ اورجنرل سیکریٹری لیاقت علی ہزارہ نے سیکورٹی فورسز اور ایف سی بلوچستان کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی یہ سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رہے گا۔
مختلف علماء کرام‘ اکابرین اور شیعہ علماء کونسل کے عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ قم المقدسہ ہو یا مشہد مقدس‘ کربلا و نجف ہو یا دیگر مقدس مقامات پاکستانی زائرین بلاتفریق مذہب ومسلک انتہائی عقیدت و احترام سے سارا سال مقامات مقدسہ کی زیارات کے لئے عازم سفر رہتے ہیں۔ مٹھی بھر شرپسند عناصر جن کا مذہب و مسلک فقط اور فقط دہشت گردی ہے ‘ کئی سالوں سے ان زائرین کو نشانہ بنارہے ہیں مگر ان پر واضح ہوکہ ایسے بزدلانہ اقدامات سے نہ تو زائرین کی بزرگان دین اور مقدس ہستیوں کے حوالے سے عقیدت و احترام میں کمی لائی جاسکتی ہے اور نہ ہی ان کے شوق زیارت کودبایا جاسکتا ہے۔
علامہ عارف واحدی نے ایف سی بلوچستان اور سیکورٹی فورسز کی جانب سے رکے ہوئے زائرین کے قافلوں کو مناسب سیکورٹی فراہم کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی سخت اور فول پروف انتظامات کے ذریعہ زائرین کی سیکورٹی کا انتظام کیا جائے گا اور دہشت گردوں اور قاتلوں کو نشانہ عبرت بنایا جائے گا