پاکستانی عوام ملک کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
بھارت خطے کے امن کے درپے ہے، مقبوضہ کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کررہاہے، علامہ ساجد نقوی
ملکی سلامتی کیلئے یکجہتی لازم ہے ، قومی اتحاد کیلئے مزید اقدامات اٹھانا ناگزیر ہیں، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس پر تبصرہ
راولپنڈی /اسلام آباد25 اپریل2025ئ(جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کہتے ہیں کہ پاکستانی عوام ملکی دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، بھارت خطے کے امن کے درپے، مقبوضہ کشمیراپنی گرفت مضبوط کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہاہے، بھارتی موقف کی قلعی خود بھارتی کل جماعتی کانفرنس اجلاس میں کھل چکی،واضح ہوگیا وہ مقبوضہ خطے میں اپنے تسلط کا دوام چاہتاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگا م میں سیاحوں پر ہونیوالے حملے ، بھارت کی جانب سے الزامات اور قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے جواب پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ عام یا نہتے لوگوں کا قتل ظلم ہے اور ظلم ہمیشہ قابل مذمت رہاہے جس کی قطعاً شرعی، قانونی یا اخلاقی اجازت نہیں دی جاسکتی مگر یہ وطیرہ شرو ع سے بھارت کا رہا جس کا منہ بولتا ثبوت مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم ہے ۔
مقبوضہ وادی میں لاکھوں کی بھارتی قابض فوج کے باوجود وہاں بھارتی سیاحوں کا مارا جانا خود اس کی اپنی ناکامی ہے جسے چھپانے کیلئے ہمیشہ کی طرح کوشاں ہے جو خطے کے امن کیلئے نہ صرف تشویشناک بلکہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے تسلط کو دوام بخشنے کی کوشش ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ پاکستانی عوام ملک کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیارہیں اور وہ اقدامات اٹھائے جائیں جس سے ملی وحدت و یکسوئی پیدا ہو،کامیابی و کامرانی اسی میں مضمر ہے۔