جعفریہ پریس- جعفریہ یوتھ ملتان ڈویژن کی طرف سے ضلع وہاڑی کے علاقہ چک نمبر ۶۲ڈبلیو بی میں ایک سیمینار منعقد جس میں جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری اور شیعہ علماء کونسل صوبہ پنجاب کے صدر علامہ مظہر عباس علوی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کیا جبکہ دیگر مقررین میں جعفریہ یوتھ کے مرکزی معاون برادر فضل عباس ‘ شیعہ علماء کونسل فیصل آباد ڈویژن کے صدر مولانا اعجاز مہدی ‘ شیعہ علماء کونسل ضلع وہاڑی کے صدر مولانا نسیم عباس جوادی‘ جعفریہ یوتھ ملتان ڈویژن کے ناظم برادر تجمل مہدی ‘ پیر محمد عباس شاہ بخاری‘ مولانا خادم حسین عابدی‘ چوہدری محمد ارشد چوہان اور دیگر نے خطاب کیا۔
سیمینار سے شیعہ علماء کونسل صوبہ پنجاب کے صدر علامہ مظہر عباس علوی نے ’’عصر حاضر اور ہماری ذمہ داریاں ‘‘ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت حساس زمانے میں زندگی بسر کررہے ہیں جہاں نوجوانوں کو ہر طرف سے مسائل اور چیلنجز نے گھیرا ہوا ہے ان حالات میں جوانوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے آپ کو تمام تر مفاسد سے محفوظ رکھیں اور اعلی اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے ہر چیلنج کا مقابلہ کریں۔ جعفریہ یوتھ کے جوان اس لحاظ سے قابل تحسین ہیں جنہوں نے قائد ملت جعفریہ اور شیعہ علماء کونسل کا بازو بن کر ملت کے جوانوں کو سیرت محمد و آل محمد ؐ کی طرف متوجہ رکھا ہوا ہے اور قوم کے جوانوں کو بیدار رکھنے کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہوئی ہیں۔
اس موقع پرجعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری نے نوجوانوں کامعاشرے میں کردار اور جعفریہ یوتھ کے اہداف و مقاصد کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں نوجوانوں میں تعلیم کا رجحان تو موجود ہے لیکن تربیت کا شدید فقدان ہے۔ اعلی تعلیم حاصل کرنے کے باوجود جوانوں میں اخلاقی گراوٹ اور کردار کی بلندی کا فقدان موجود ہے جسے تربیت کا عمل ہی دور کرسکتا ہے ایک کم تعلیم معاشرہ اگر صحیح تربیت کا حامل ہوجائے تو وہ انقلاب لا سکتا ہے لیکن ایک اعلی تعلیم معاشرہ اگر تربیت اور اخلاقیات سے عاری ہو تو اس کا انجام فساد ہی فساد ہے۔ لہذا ہم جعفریہ یوتھ کے پلیٹ فارم سے جوانوں کو ایسے تربیتی مراحل سے گذارنے کا عزم کیے ہوئے جن سے گذر کر نوجوان اخلاقی سطح پر اعلی معیار کے حامل ہوجائیں اور ان کے اندر کردار کی بلندی اس سطح تک پہنچ جائے کہ وہ معاشرہ سازی اور انقلاب سازی کی صلاحیت حاصل کرلیں۔
ڈویژنل ناظم ملتان برادر تجمل مہدی نے ملتان ڈویژن میں جعفریہ کی فعالیت سے سامعین و حاظرین کو آگاہ کیا اور اب تک ہونے والی تنظیمی پیش رفت کی رپورٹ دی۔اور اپنی گفتگو میں کہا کہ جعفریہ یوتھ ملت کے بیدار اور متحرک لوگوں کا قافلہ ہے جو تمام تر اندرونی و بیرونی رکاوٹوں کے باوجود نہایت استقامت اور ہمت کے ساتھ آگے بڑھتا جارہا ہے ۔ اگر جعفریہ یوتھ کے ساتھ ہر میدان میں تعاون کیا جائے تو ہم یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ جعفریہ اپنی قومی قیادت اور قومی جماعت کو ایسے جوان مہیا کرے گی جو ملت کی قیادت کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔اختتام پر تمام شہدائے ملت اور برادر تجمل مہدی کی والدہ مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔