شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر سے مربوط ہے، مظلوم کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے، مسئلہ کشمیر و فلسطین کے مستقل حل کےلئے امت مسلمہ کو ایک موقف اختیار کرنا ہوگا، یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منایا جائیگا
ان خیالات کااظہار انہوںنے ملکی و بین الاقوامی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے کہاکہ اس وقت پوری دنیا باالخصوص اسلامی دنیا مختلف چیلنجز کا سامناکررہی ہے سب سے اہم مسئلہ اسلامی ممالک میں امن کا فقدان ہے جہاں مختلف حیلوں، بہانوںاور سازشوں کے ذریعے مختلف مسائل پیدا کرکے عوام کو باہم لڑانے کی کوششیں کی جاتی ہیں جبکہ اور بھی کئی طریقے استعمال کرکے اسلامی ممالک کی معیشت کو متاثر کرنے کی سازشیں کی جاتی ہیں، امہ کو اس سلسلے میں بیدار مغزی کا ثبوت دیتے ہوئے اتحاد امہ کےلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر و فلسطین اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اور سلگتے مسائل ہیں جن کے حل کےلئے او آئی سی، عرب لیگ سمیت دیگر تنظیموں کو فعال کرنے کےلئے مسلم حکمرانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا اس وقت تک خطہ میں امن کا قیام شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا، انہوںنے کہاکہ ہمارا واضح اور دوٹوک موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عوامی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور انہیں ان کا حق خود ارادیت دیا جائے، انہوںنے کہاکہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منایا جائےگا۔