تازه خبریں

جھل مگسی دھماکہ : ملک میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی

ملک میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے، قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی
قائد ملت جعفریہ پاکستان کی جھل مگسی فتح پور درگاہ میں خود کش حملہ کی شدید مذمت،قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کااظہار
دہشتگرد انسانیت کے دشمن اورخونی درندے ہیں جن کاکسی مذہب و مسلک سے تو دور، انسانیت سے بھی دور کا واسطہ نہیں
راولپنڈی/اسلام آباد 05اکتوبر 2017ء (دفتر قائد  )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے نصیر آباد جھل مگسی کے قریب فتح پور درگاہ میں ہونے والے خود کش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہداء کے لو احقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ واضح رہے کہ فتح پور درگاہ میں خود کش حملہ میں 15افراد شہید اور 30سے زائد افراد زخمی ہو ئے۔
اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن اورخونی درندے ہیں ،یہ ملک دشمن عناصرملک میں بدامنی کا بازار گرم کرنے کی کوشش کررہے ہیں جنہیں روکنا ہوگا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ملک دشمن عناصر کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کومزیدتیز کرتے ہوئے ملک میں دہشتگردوں کو خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائے ۔انہوں نے کہاکہ جدید معلومات کو سامنے رکھتے ہوئے انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک دشمن عناصر اور دہشتگردوں کیخلاف سخت کارروائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بلا تفریق تمام مجبوریوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کو کمزور کرنے والے بے گناہ عوام کے قاتلوں اور دہشتگردوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے۔
علامہ ساجد نقوی نے آخرمیں اپنے تعزیتی بیان میں کہاکہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن اورخونی درندے ہیں جن کاکسی مذہب و مسلک سے تو دور، انسانیت سے بھی دور کا واسطہ نہیں۔معصوم لوگوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور شہداء کے بلندی درجات کی دعاکرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ، تاکہ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کیا جاسکے ۔