جعفریہ پریس- جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سینیئر نائب صدر عبداللہ رضا نے کہا ہے کہ جے ایس او پاکستان ایک نظریاتی تنظیم ہے اور اس کے جوان نظریہ ولایت فقیہ کے حقیقی علمبردار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ سے ہی نظریہ ولایت فقیہ کی حفاظت کی ہے اور اس پر کاربند رہنے کو اپنے لئے سعادت سمجھتے ہیں۔ جے ایس او پاکستان کے مرکزی سینیئر نائب صدر نے کہا کہ یہ ولی فقیہ سے محبت کا ہی نتیجہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ نمائندہ ولی فقیہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہر آواز پر لبیک کہا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ اس ملک میں اگر ولی فقیہ کا کوئی حقیقی نمائندہ موجود ہے تو وہ علامہ سید ساجد علی نقوی ہی ہیں۔ ان کے علاوہ کوئی بھی اس ملک میں ولی فقیہ کی نمائندگی کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔ عبداللہ رضا نے کہا کہ ولی فقیہ کا نظام اس وقت پوری دنیا کے لئے قابل تقلید ہے اور یہ نظام ولی فقیہ ہی ہے کہ جس نے دنیا کو امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دوٹوک انداز میں بات کرنے کا ڈھنگ سکھایا۔ آج پوری دنیا کی طرف سے پابندیوں کے باوجود بھی ایران روز افزوں ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 20 جون کو ملتان میں ہونے والے جے ایس او کے مرکزی کنونشن میں دنیا دیکھے گی کہ نظریہ ولایت فقیہ کے حقیقی علمبرداروں کا ایک عظیم الشان اور ٹھاٹھیں مارتا اجتماع ہوگا۔