تازه خبریں

خرم ذکی کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی

شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کی معروف سماجی رہنما اور صحافی خرم ذکی کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خرم ذکی کا قتل سیکورٹی اداروں اور حکومت کی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور کراچی آپریشن کی ناکامی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مذمتی بیان میں کیا،علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ ایک منظم سازش کے تحت پے در پے واقعات میں سکالرز،وکلاء ،پروفیسرز ،صحافی اور سماجی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ ایک مرتبہ پھرشروع ہوگیاہے جوکہ انتہائی تشویش ناک ہے ، انہوں نے کہاکہ خرم ذکی نے ہمیشہ ملک دشمن عناصر، دہشت گردوں، مذہبی انتہاء پسندوں کے خلاف آواز حق بلند کی۔ انہوں نے کہاکہ ہم اس ٹارگٹ کلنگ کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ مطالبہ کرتے ہیں خرم ذکی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
علامہ عارف واحدی کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خاتمہ تک ملک میں حقیقی معنوں میں امن و امان قائم نہیں ہو سکتا قانون نافذ کرنے اور امن و امان قائم رکھنے کے ذمہ دار اداروں کو دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے مخلصانہ کوششیں کرنا ہونگی انہوں نے کہاکہ جدید معلومات کو سامنے رکھتے ہوئے انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک دشمن عناصر اور دہشتگردوں کیخلاف سخت کارروائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے معروف سماجی کارکن و صحافی خرم ذکی کے ساتھی اسکالر خالد راؤ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا اور شہید خرم ذکی کی شہادت پر ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں میں برابر کے شریک ہیں، شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ شہدا کی گراں قدر خدمات ہیں جن کو ہمیشہ یار رکھا جائے گا۔