خیرپورمیرس، سندھ میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام عظیم الشان ڈویژنل تحفظ عزا و دفاع پاکستان کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔ ان کا استقبال علماء و تنظیمی کارکنان نے پُرجوش انداز میں کیا۔
اپنے خطاب میں علامہ شبیر میثمی نے عید مبارکباد دیتے ہوئے اسے اسلام کی سب سے بڑی عید قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد عزاداری کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔ عزاداری شرعی، آئینی اور قانونی حق ہے، اس کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تکفیری عناصر کی سرگرمیوں اور انہیں اجازت دینے پر انتظامیہ سے سوال اٹھایا۔
حکومت سندھ کا زائرین کے جنازوں میں تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا، تاہم بعض عناصر کی طرف سے معاملات خراب کرنے کی نشاندہی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے۔ علامہ میثمی نے دفاع وطن کے مجاہدین کو خراج تحسین پیش کیا۔
کانفرنس میں مرکزی مائب صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ارشاد حسین نقوی، صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل پاکستان سندھ علامہ سید اسد اقبال زیدی صاحب مرکزی سیکرٹری اطلاعات جناب زاہد علی آخونزادہ صاحب، مرکزی نائب صدر جناب معظم بلوچ صاحب، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مولانا ریاض حسین الحسینی، صدر جامعہ مدارس امامیہ علامہ مشتاق حسین مشہدی، ضلعی صدر مولانا ظہور حسین روحانی و دیگر معزز اراکین کانفرنس میں شریک تھے اور خطاب کیا۔ بعد ازاں پر امن تحفظ عزا ریلی سیکرٹری جنرل کی قیادت میں نکالی گئی۔
ـــ