تازه خبریں

دہشتگردوں نے کوئٹہ کے سول ہسپتال پر حملہ کرکے بزدلی کا ثبوت دیا،علامہ ساجد نقوی

دہشتگردوں نے کوئٹہ کے سول ہسپتال پر حملہ کرکے بزدلی کا ثبوت دیا،علامہ ساجد نقوی
کوئٹہ دھماکہ قابل مذمت، متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیںقائد ملت جعفریہ پاکستان
راولپنڈی /اسلام آباد 8اگست 2016( )
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی نے کوئٹہ ہسپتال بم دھماکا کی شدید الفاظ میں مذمت اور بہت سی قیمتی جانوں کے ضیاع اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک امن ممکن نہیں ۔ دہشتگردوں نے کوئٹہ کے سول ہسپتال پر حملہ کرکے بزدلی کا ثبوت دیا ہے ۔واقعہ میں ملوث افراد کا سراغ لگاکر واقعہ میں ملوث درندہ صفت افراد اور ان کے سہولت کاروںکو قانون کے کٹہرے میں لاکرقرارواقعی سزا دی جائے ۔علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اگر ریاستی اداروں نے کوئٹہ سمیت ملک بھر کے مختلف حصوں میں ہو نے والی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث افراد کو تختہ دار پر لٹکایا ہوتا اور پس پردہ محرکات و حقائق عوام کے سامنے لا ئے جاتے تو آج جو ملک کی صورتحال ہے وہ نہ ہو تی ۔ علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ اس ملک میں دن دیہاڑے تمام لوگوں کی نظروں کے سامنے ڈی آئی خان جیل توڑی گئی،بے گناہ لوگوں کو بے دردی سے قتل کیا گیالیکن حکومت اور ادارے ٹس سے مس نہ ہوئے جیسا کہ کیڑے مکوڑے مارے گئے ہوں۔ اس طرح کے سینکڑوں واقعات ہوتے رہے جن سے ملک تباہ و برباد کردیا گیالیکن کسی کو جنبش تک نہ ہوئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ تاریک راہوں میں لوگ مارے جاتے رہے،قتل عام ہوتا رہا،ٹارگٹ کلنگ اپنے عروج پر رہی،ٹارگٹ کلرز آناً فاناً آتے اورنشانہ بناتے رہے اور بچ نکلنے میں کامیاب ہوتے رہے۔لیکن معلوم نہ ہوسکا وہ کہاں سے آئے اور کہاں گئے ،نا معلوم افراد کے کھاتے میں ڈال دیا جاتا رہالیکن آج تک عوام کو حقیقت سے آگاہ نہیں کیا گیا۔علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ اب ریاستی اداروں کو ملک کی بقا کےلئے جرات مندانہ اقدام اُٹھانا ہو گا پہلے مرحلہ میں اپنا قبلہ درست کرنا ہو گااوران ملک دشمن عناصر کی جڑوں کو ختم کرنا ہو گااورہم مطالبہ کرتے ہیںکہ کوئٹہ سول ہسپتال بم دھماکا سمیت ملک میں جاری دہشت گردی اور ان میں ملوث افراد اور انکے سہولت کاروں کے بار ے تلخ حقائق سے عوام کو آگاہ کیا جائے ۔ آخرمیں علامہ ساجد نقوی نے شہید وکلا اور دیگر شہداءکےلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے لواحقین کو صبر و جمیل عطافرمانے اور خود کش حملے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعافرمائی ۔