تازه خبریں

دہشت گردی کے حالیہ واقعات پرجعفریہ یوتھ کی طرف سے اظہار مذمت – قائد ملت جعفریہ پاکستان کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے ملک گیر احتجاج کے اعلان کی حمایت

جعفریہ پریس- جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی سید اظہار بخاری نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں عاشور کے واقعہ سے لے کر دہشت گردی کے حالیہ واقعات بذات خود اپنی حقیقت واضح کررہے ہیں ہر صاحب نظر اور آگاہ انسان ان حقائق کا ادراک کرسکتا ہے مگر صرف وہ حکمران اور ذمہ دار ادارے ہی ناواقف و نادیدہ ہیں جنہوں نے ان حقائق کی روشنی میں اقدمات کرنے ہیں۔ اس صورت حال میں عوام اگر انتقام اور دفاعی حکمت عملی کے بارے میں نہ سوچیں تو کیا کریں؟؟
رحیم یا رخان میں جعفریہ یوتھ بہاولپور ڈویژن کے ناظم عامر سجاد سومرو کے جواں سال بھائی اور جعفریہ یوتھ کے سرگرم کارکن آصف سجاد سومرو کی شہادت اور ان کے کزن کے زخمی ہونے کے اندوہناک واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سید اظہار بخاری نے کہا کہ راولپنڈی ‘ ملتان اور چشتیاں میں ایک طرز کے واقعات کے بعد لاہور اوررحیم یارخان میں ایک ہت نوعیت اور انداز کے واقعات اس بات کا پتہ دیتے ہیں کہ ان کے پس پشت مشترک قوتیں کارفرما ہیں جو خاص مقاصد کے تحت اور مخصوص پالیسیوں کے نفاذ کے لیے شیعہ مکتب فکر کے پیروکاروں کو تختہ مشق بنا رہی ہیں۔ واضح ہورہا ہے کہ یہی قوتیں دہشت گردی کی مختلف شکلوں کا اظہار کروا کے دہشت گردوں کے سارے طبقات کی پشت پناہی کا بیڑا اٹھارہی ہیں۔
جعفریہ یوتھ کے مرکزی ناظم اعلی نے مزید کہا کہ قائدملت جعفریہ  حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے اعلان کے مطابق جمعة المبارک کو ہونے والے پرامن احتجاج میں جعفریہ یوتھ کے ذمہ داران اورکارکنان بھرپور حصہ لیں گے اور اپنا کردار ادا کریں گے۔ کیونکہ یہ ہماری قومی و ملی ذمہ داری ہے لیکن اگر حکمرانوں اور پاکستانی عوام کے تحفظ کے ذمہ داراداروں نے قتل و غارت گری اور دہشت گردی کے طوفان کے سامنے بند باندھنے کے لیے دہشت گردوں کو تختہ دار پر نہ لٹکایا تو پرامن احتجاج کرنے والے عوام اور نوجوان مجبوراًً اپنے دفاع کے لیے تنگ آمد بجنگ آمد کا مصداق بنیں گے۔ ان حالات سے بچنا بھی حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔