زکوٰۃ فطرہ، فی کس تین کلو جنس یا اس کی مقامی قیمت ادا کی جائے ،قائد ملت جعفریہ ہر شخص پر فطرہ واجب ہے جو عید الفطر کی رات غروب آفتاب کے وقت بالغ و عاقل ہو،علامہ ساجد نقوی راولپنڈی /اسلام آباد10 جون 2016ء (جعفریہ پریس ) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے مطابق ہر اس شخص پر فطرہ واجب ہے جوعید الفطر کی رات غروب آفتاب کے وقت بالغ،عاقل ،باہوش اور اپنے اور اپنے خاندان کے سال بھر کے اخراجات کا متحمل ہو ،خاندان کے ہر فرد کیلئے گندم ،جو ،چاول ،مکئی ،کھجور ،کشمش میں سے کوئی جنس تین کلو فطرہ کے طورپر دے یا اس کی قیمت مقامی مارکیٹ کے مطابق ادا کرے۔قائد ملت جعفریہ پاکستان کے مرکزی دفتر کی جانب سے زکوٰۃ فطرہ کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شریعت کے مطابق ہر شخص پر فطرہ واجب ہے جو عید الفطر کی رات غروب آفتاب کے وقت بالغ،عاقل ،اپنے حواس رکھتاہواور فقیر نہ ہو تو ضروری ہے کہ وہ اپنا اور ان تمام افراد کا جو اس کے زیر کفالت ہوں فی کس تین کلو ان غذاؤں میں سے جو اس کے شہر یا علاقے میں استعمال ہو تی ہوں ،مثلاًگندم ،جو ،چاول ،مکئی ،کھجور ،کشمش وغیرہ یااس کی قیمت مستحق شخص کو دے ،عید الفطر کی رات غروب آفتاب سے پہلے آنے والے مہمان کا فطرہ بھی صاحب خانہ پر واجب ہے جبکہ غروب آفتاب کے بعد آنے والے مہمان کا فطرہ صاحب خانہ پر واجب نہیں ہے ۔زکوٰۃ فطرہ کا استحقاق وہ شخص رکھتا ہے جس کے پاس اپنے اور اپنے اہل و عیال کے لئے سال بھر اخراجات نہ ہوں اور اس کاکوئی روز گار بھی نہ ہو جس کے ذریعے وہ اپنے اہل و عیال کا سال بھر خرچہ پو را کر سکے جبکہ خود مستحق شخص پر فطرہ واجب نہیں ہے ،نیز فطرہ کے مستحق وہی افراد ہیں جو زکوٰۃ کے مستحق ہیں (البتہ فطرہ دینے کے لئے ترجیح غریب ترین رشتہ دار یااپنے شہر والوں کو دی جائے )