جعفریہ پریس – شیعہ علماء کونسل ٹنڈوالہیار کا اجلاس ضلعی صدر حجت الاسلام و المسلمین مولانا سید عزیزاللہ شاہ رضوی کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ضلعی کابینہ سمیت تعلقہ جات اور سٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔ مولانا سید عزیزاللہ شاہ رضوی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں شہدائے ملت جعفریہ بالخصوص شہدائے شکارپور، پشاور اور شہدائے اسلام آباد سمیت دیگر دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید عزیزاللہ شاہ رضوی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے، مگر آئے روز کے واقعات نے واضح کر دیا ہے کہ ملک کودہشتگردوں کے حوالے کردیا گیا ہے، دہشتگرد جب چاہیں ، جہاں چاہیں کاروائی کر گذرتے ہیں مگر ان کو کوئی روکنے اور ٹوکنے والا نہیں ہے، شہری خوف و ہراس کا شکار ہیں اور ریاست تماشاگر بنی ہوئی ہے جبکہ ملک میں دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں ۔ شیعہ علماء کونسل ٹنڈوالہیار کے ضلعی صدر حجت الاسلام و المسلمین مولانا سید عزیزاللہ شاہ رضوی نے کہا کہ مملکت خدا داد پاکستان جیسی اسلامی ریاست میں مساجد پرحملات اسلامی ریاست پر بدنما داغ ہیں – انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کا انحصار آپریشن ضرب عضب کے دائرہ کارکو ملک بھر میں پھیلانے پر منحصر ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک و ملت کی سلامتی کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کرتے ہوئے ملک میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی دہشت گرد ڈکلیئر کریں اور جیلوں میں قید سزا یافتہ قیدیوں کو فی الفور تختہ دار پر لٹکانے کا عمل تیز کریں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ سانحہ شکارپورکے شہدا کے چہلم کے موقع پر شیعہ علماء کونسل سندھ کی جانب سے شکارپور میں منعقدہ عظمت شہدا کانفرنس میں اپنی قومی ذمیداری سمجھ کرٹنڈوالہیار سے بھرپور شرکت کی جائے گی۔۔