جعفریہ پریس – قائد ملت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوہاٹ پولیس لائن کے قریب دھماکے کی شدید الفا ظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ادارے شدت پسندوں کے خلاف کاروائی کرکے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنائیں اور عوام کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف سنجیدہ اقدامات کریں ۔ انہوں نے کو ہاٹ بم دھماکے میں 12افرا د کی جانوں کے ضیاع پر نہایت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس سلسلہ کو اب ختم ہو جانا چاہیے اور سفاک ودرندہ صفت عناصر جس طرح سیکورٹی فورسز اور شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں وہ نہ تو مسلمان ہیں اور نہ ہی انسان کہلانے کے مستحق ،ان کے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے صدرمملکت ،وزیر اعظم ،وفاقی وزیر داخلہ ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا فی الفور نوٹس لیں اور واقعے میں ملوث دہشت گروں کو گرفتار کر کے عبر تنا ک سزا ددی جائے۔ حضرت آیت اللہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کر تے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے آمین۔ انہوں نے دھماکہ میں خواتین سمیت متعدد افراد کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔