تازه خبریں

شام میں فوج نے حلب کے مشرقی علاقوں کو باغیوں سے آزاد کرالیا: عرب ٹی وی

شام میں فوج نے حلب کے مشرقی علاقوں کو باغیوں سے آزاد کرالیا ہے، باغیوں نے ہلکے ہتھیاروں سمیت انخلاء پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق شام کی فوج نے غیر ملکی ملیشیا کی مدد سے حلب کے مشرقی حصے کے علاقے شیخ سعید، کلاسہ، بستان القصر اور الفردوس میں باغیوں کو پسپا کرنے کے بعد شہر کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے، سرکاری ٹی وی پر باغیوں کے زیر انتظام علاقوں میں لوگوں کو سڑکوں پر جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا ہے، باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوج کے ساتھ فائربندی اور ہلکے ہتھیاروں سمیت رضاکارانہ طور پر انخلاء پر اتفاق کرلیا ہے، دوسری جانب حلب کی صورتحال کے باعث فرانس کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا۔ اقوام متحدہ میں روس کے سفیر نے دعویٰ کیا ہے کہ شام کے شہر حلب کے مشرقی علاقوں میں جہاں اب بھی باغی جنگجو موجود ہیں انھیں وہاں سے نکلنے کی مہلت دینے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ اس معاہدے کا اطلاق ان شہریوں پر بھی ہو گا جو ہزاروں کی تعداد میں اب بھی ان علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق اگر اس اعلان کی تصدیق ہو جاتی ہے تو اس کے بعد شام میں چار سال سے جاری سنگین لڑائی ختم ہو جائے گی۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کا کہنا ہے ان کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بیاسی شہریوں کو جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں انھیں ہلاک کر دیا گیا ہے۔روسی سفیر ویٹالی چرکن کا کہنا تھا کہ ان کی اطلاع کے مطابق باغی جنگجوؤں کے شہر سے انخلا کا معاہدہ ہو گیا ہے لیکن اس میں شہری شامل نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ معاہدہ صرف جنگجوؤں کے شہر سے انخلا کے بارے میں ہے۔ روسی سفیر کے مطابق شہری ان علاقوں میں رہ سکتے ہیں اگر وہ وہاں سے کسی محفوظ علاقے میں جانا چاہتے ہیں جا سکتے ہیں وہ امداد کے لیے جو انتظامات کیے گئے ہیں ان کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور کوئی انھیں نقصان نہیں پہنچائے گا۔جنگجوؤں نے معاہدے کے بارے میں خبر کی تصدیق کر دی ہے لیکن وہ شہریوں کو اس میں شامل کرنے پر اصرار کر رہے ہیں۔