جعفریہ پریس – حجت الاسلام والمسلمین علامہ سیّد ناظرعبّاس تقوی کی زیر صدارت شیعہ عُلماء کونسل سنده کا ایک ہنگامی اور اہم اجلاس منعقد ہوا٬ اجلاس میں سانحہ شکار پُور کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء ومتاثرین کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کی گئی – شیعہ عُلماء کونسل سنده کے اس اہم اجلاس میں سانحہ شکار پُورمتعلق مختلف اموُر زیرِ بحث آئے اور شُہدائے شکارپُور کا چہلم باوقار و شایانِ شان انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا – اجلاس کی روشنی میں شیعہ عُلماء کونسل سنده کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ سید ناظر عبّاس تقوی نے شہدائے شکار پُور کے چہلم کے سلسلے میں اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مورّخہ 8 مارچ٬ بروز اتوار صبح 10 بجےشکارپُور سٹی میں عظیمُ الشان عظمتِ شُہداء کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا٬ علامہ سید ناظر عبّاس تقوی نے مزید کہا کہ شہدائے کربلائے مُعّلیٰ (شکار پُور) کی عظیم شہادت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ملک بھر سے جیّد علماء کرام ٬ سماجی٬ مذہبی شخصیات اور مومنین حضرات کانفرنس میں شرکت کریں گے جبکہ نمائندہ ولی فقیہ٬ قائدِ ملّت جعفریہ پاکستان حضرت آیت اللہ علامہ سیّد ساجد علی نقوی کانفرنس سے خصوصی خطاب فرمائیں گے- انہوں نے سنده بهر کے شیعانِ علی (ع) سے گذارش کی ہے کہ شُہدائے امام بارگاہ کربلائے مُعلّیٰ (شکارپُور) سے اظہارِ عقیدت اور پسماندگان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ابهی سے تیاری شروع کردیں-