ملکی سلامتی و استحکام کیلئے جدوجہد تسلسل کے ساتھ جاری ہے، علامہ ساجد نقوی
عوام کے آئینی حقوق کا دفاع اور تحفظ ہماری جدوجہد کا مرکز و محور رہا ، قائد ملت جعفریہ پاکستان
شہیدسید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا
راولپنڈی/اسلام آباد31 دسمبر 2024ء ( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی و استحکام اور آئینی حقوق کے لئے ہماری جدوجہد تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور اس راستے میں زندگی سے کے مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ محب وطن’ مخلص شخصیات نے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کیا اسی تناظر میں ممتاز قانون دان’ سیاسی و سماجی شخصیت اور ملی پلیٹ فارم کے صوبائی رہنما سید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے متواتر اور مسلسل جدوجہد جاری رکھی اور اعلی و ارفع اہداف کے حصول کی خاطر پاکیزہ مشن کی تکمیل کرتے ہوئے اس راہ میں درجہ شہادت پر فائز ہوگئے۔شہید ذوالفقار نقوی ایڈوکیٹ کی 28 ویں برسی کی مناسبت سے اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی کاکہنا ہے کہ عوام کے ‘ آئینی حقوق کا تحفظ اور دفاع ہماری جدوجہد کا مرکز و محور رہا اسی تناظر میں سید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ نے عوام کے حقوق کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا اور شریف’ مہذب’ قانون پسند اور محب وطن شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں انتھک محنت و کوشش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید کی ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے لازم و ناگزیر ہے ان کے مثبت کردار کو مشعل راہ بنایا جائے ۔برسی کے اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان نے شہید ذوالفقار حسین نقوی ایڈووکیٹ اور شہدائے ملت کے درجات کی بلندی اور وطن عزیز کے استحکام و سلامتی کی خصوصی دعا کی۔