جعفریہ پریس- دفتر قائد ملت جعفریہ کی طرف سے حرم حضرت فاطمہ معصومہ قم (دارالتلاوه) میں راہی علم و عمل و پیرو وحدت استاد شهید سبط جعفر زیدی کی پہلی برسی پوری شان و شوکت سے منائی گئی، جس میں علماء کرام، طلاب اور زائرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مجلس کا آغاز مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی سے کیا گیا، جس کے بعد ابوذر جعفری نے سوز و سلام پیش کیا۔ بعد میں مولانا شهریار نقوی قمی نے خطاب کیا اور شهید کی زندگی پر روشنی ڈالی۔ مولانا شہریار نقوی کا کہنا تھا کہ شهید نہایت ہی مخلص، ملنسار، ہر دلعزیز انسان اور ایک عظیم مربی تھے، انہوں نے نوجوانان ملت جعفریہ کو ہمیشہ علم و عمل کا درس دیا۔ شہید سبط جعفر زیدی نے ملت جعفریہ کی سربلندی کے لئے نہایت ہی اعلٰی خدمات انجام دیں، اس میدان میں بھی آپ کا ثانی ڈھونڈنے سے نہیں ملتا۔ انہوں نے ملت جعفریہ کے لئے ہمیشہ وحدت کا خواب دیکھا اور ساری زندگی اس مشن کی تکمیل میں صرف کی۔ شہید علماء دوست و پیرو وحدت و قیادت تھے اور قیادت کے نہایت ہی قریبی ساتھیوں میں سے تھے۔ مولانا شہریار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ شہید سبط جعفری ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک عہد تھے، انہوں نے حضرت فاطمہ سلام الله علیہا کی غلامی کا حق ادا کیا۔