تازه خبریں

علامہ اقبال کے یوم وفات پر قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پیغام

یوم وفات علامہ محمد اقبال: قائد ملت جعفریہ پاکستان سید ساجد علی نقوی کا اہم پیغام

افسوس! شاعر مشرق کا خواب آج تک شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا، قائد ملت جعفریہ پاکستان کا پیغام

اسلام آباد/راولپنڈی: قائد ملت جعفریہ پاکستان سید ساجد علی نقوی نے علامہ محمد اقبال کے 88ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شاعر مشرق کا خواب آج تک حقیقی تعبیر حاصل نہ کر سکا، جو باعث افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی، پیغام اتحاد امت اور محبت رسول ﷺ و آل رسولؑ آج بھی امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ اگر ان اصولوں پر عمل کیا جاتا تو ملک میں امن و امان سمیت سیاسی، سماجی اور معاشی حالات یکسر مختلف ہوتے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان کا کہنا تھا کہ آج کی داخلی و خارجی صورت حال میں فلسفہ اقبال سے سبق لینے کی اشد ضرورت ہے۔ ان کے مطابق امت مسلمہ کی زبوں حالی اور مغرب کی یلغار نے مختلف تہذیبوں اور معاشروں کو متاثر کیا ہے، اور جب تک امت مسلمہ اتحاد کا مظاہرہ نہیں کرے گی، مسائل برقرار رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان ڈاکٹر اقبال کے فلسفے “ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے…” پر عمل کریں تو مغربی قوتوں کو توہین اسلام اور ناموس رسالت ﷺ کے خلاف اقدامات کا مؤثر جواب دیا جا سکتا ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ علامہ محمد اقبال نے جس اسلامی، جمہوری، فلاحی اور خودمختار پاکستان کا تصور پیش کیا تھا، وہ تاحال مکمل طور پر حقیقت کا روپ نہیں دھار سکا۔ ان کے مطابق ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، جمہوری اقدار کا فروغ اور خودمختاری کا قیام ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک داخلی و خارجہ پالیسیوں میں خودمختاری نہیں ہوگی، ملک ترقی اور پائیدار استحکام حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اس موقع پر اقبال کا شعر بھی پڑھا:

تری خاک میں ہے اگر شرر تو خیال فقر و غنا نہ کر
کہ جہاں میں نانِ شعیر پر ہے مدارِ قوتِ حیدری