شہید سید حسن نصر اللہ کی مقاومت اور قربانی رنگ لائے گی،قائد ملت جعفریہ پاکستان
فلسطین و لبنان میں نسل کشی و تباہ کاری کے خاتمے کےلئے پاکستان عملی کردار ادا کرے، سامراجی قوتوں پر اثرورسوخ کے ذریعے دباﺅ بڑھائے،علامہ ساجد نقوی
اسلام آباد/راولپنڈی 10نومبر2024ء ( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے شہید سید حسن نصر اللہ کے چہلم کی مناسبت سے ان کی مقاومت اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور فلسطین و لبنان میں نسل کشی اور قتل عام رکوانے پر زور دیا ۔کہا کہ خطے میں نسل کشی و تباہ کاری کو رکوانے کےلئے پاکستان عملی کردار ادا کرے، سفارتی اثر رسوخ مظبوطی سے استعمال کرے تو سامراجی اسرائیلی سفاکیت و جارحیت کو رکوا سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسئلہ فلسطین و لبنان کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ اس وقت جوگھمبیر صورتحال ہے زمینی حقائق یہ ہیں کہ اس بہیمیت کے مرتکب دراصل سامراجی قوتیں ہیں،صہیونی ریاست کو ہر قسم کے وسائل ، فنڈز،جدید ترین اسلحہ،ٹیکنالوجی،انٹیلی جنس ، منصوبہ بندی،وغیرہ سامراج فراہم کر رہا ہے اورتمام چیزوں کو اپنی نگرانی میںآپریٹ کرا رہا ہے، اسی کے ذریعے ناجائز صہیونی ریاست اتنی دیدہ دلیر ہوئی کہ ایک سال سے زائد عرصہ سے غزہ پر قیامت برپا کرنے کے ساتھ لبنان کو بھی جلا کر برباد کر رہی ہے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے زور دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے تمام عالمی قوتوں کےساتھ تعلقات ہیں اور یہ بطور ایک ایٹمی ملک کے اتنا ا ثرو رسوخ رکھتاہے کہ اگر بھرپور سفارتکاری اور مضبوط لابی کےساتھ ان قوتوں پر دباﺅ بڑھائے تو غزہ ولبنان میں جاری جارحیت ، سفاکیت،بہیمیت اور درندگی ختم ہوسکتی ہے بلکہ دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے باز بھی رکھا جاسکتاہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ مظلوم فلسطینیوں و لبنانی عوام کےلئے امدادی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں دیگر ممالک کو بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہنگامی اقدامات اٹھانے چاہئیں ۔