تازه خبریں

شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخواہ کے وفدکا تربیلا ہری پور کا دورہ

ہری پور () ضلع ہری پور تحصیل غازی، شیعہ علماء کونسل خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکریٹری آخونزادہ مظفر علی اور ممبر مرکزی سیاسی سیل اسلامی تحریک پاکستان آخونزادہ اقتدار علی مظہر کی قیادت میں ایک وفد نے تربیلا میں تنظیم سازی کے لئے دورہ کیا۔ تربیلا کے مومنین نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ صوبائی جنرل سیکریٹری نے تنظیم سازی کے لئے مومنین کو دستوری شقوں سے آگاہ کیا اور جلد از جلد یونٹ سازی کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ صوبائی جنرل سیکرٹری نے تنظیم کے دستور کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ “ہمارا فریضہ ہے کہ پاکستان میں اہل تشیع کی نمائندگی کرنے والی اس الہی جماعت کے دستور کی ہر حال میں پابندی کریں کیونکہ کامیابی کا راز اسی میں پوشیدہ ہے، ہم اس تنظیم کے پہلے بننے والے دستور میں بھی شامل تھے اور آج ہماری کامیابی کا راز ہی یہی ہے کہ ہم نے ہمیشہ اس دستور کی پاسداری کی ہے۔” اس موقع پر مومنین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ صوبائی سیکریٹری جنرل نے قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے پیغام کو گلی گلی پہنچانے کا کہا جس پر مومنین تربیلا نے بھر پور عزم کا اظہار کیا۔ آخر میں قائد ملت جعفریہ کی صحت و سلامتی کے لئے دعا بھی کی گئی۔