جعفریہ پریس راولپنڈی شیعہ علما ء کونسل پاکستان کے اہم اجلاس کا آخری سیشن قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد ننقوی کی زیر نگرانی منعقد ہوا جس میں صوبائی/ علاقائی صدور سمیت اسلامی تحریک پاکستان گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے اراکین نے شرکت کی اجلاس میں گلگت بلتستان کی سیاسی و تنظیمی صورت حال کا خاص طور پر جائزہ لیا اور قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی کو اس سے پہلے معقدہ سیشنز کی بریفنگ دی گئی – اجلاس ٢ گھنٹے سے زائد وقت جاری رہا _
اس سے پہلے اجلاس میں میں مستقبل میں گلگت بلتستان میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔اس سلسلے میں عوام رابطہ مہم کو تیز تر کرتے ہوئے سیاسی و تنظیمی فعالیت میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ خطہ کی آئینی حیثیت کے بارے میں ہمارا ہمیشہ مضبوط موقف رہا ہے کہ اس علاقے کی عوام کومکمل آئینی حقوق فراہم کئے جائیں اور گلگت بلتستان کو ملک کا پانچواں صوبہ بناتے ہوئے سینٹ اور قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بہت جلد سرزمین گلگت میں علماء کانفرنس منعقد کی جائے گی علاوہ ازیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اقتصادی راہداری کے حوالے سے گلگت بلتستان کے علاقوں کو زیادہ اہمیت دیتے ہوئے خطے میں اکنامک زون بنائیں جائیں۔
اجلاس میں پاراچنار میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں ٢٥ سے زائد افراد کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی گئی اور اسے ضرب عضب آپریشن کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا گیا –
اجلاس میں قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی ، سیکرٹری جنرل علامہ عارف واحدی ، انچارج سیاسی سیل علامہ شبیر حسن میثمی‘ مرکزی نائب صدر علامہ رمضان توقیر ، صوبائی صدر پنجاب علامہ سید سبطین سبزواری‘ جنرل سیکریٹری علامہ مشتاق ہمدانی‘ صوبائی صدر سندھ علامہ ناظرعباس تقوی‘صوبائی صدر کے پی کے علامہ حمید امامی‘ علاقائی صدر آزاد کشمیر علامہ صادق حسین نقوی‘ علاقائی صدر گلگت بلتستان علامہ آغا عباس رضوی‘ سینئر نائب صدر گلگت بلتستان علامہ شیخ مرزا علی‘ ڈویژنل صدر سکردو علامہ فدا حسن عبادی‘ اراکین گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی محمد علی حیدر‘ کیپٹن (ر) سکندر علی‘ کیپٹن (ر) محمد شفیع اور ریحانہ عبادی نے بھی شرکت کی ۔