صدرمملکت کی ای سی او ممالک کے وفد سے گفتگو
اسلام آبادمیں سیکرٹری جنرل حلیل ابراہیم کی قیادت میں ای سی او ممالک کے اٹارنیزاور پراسیکیوٹرز جنرل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئےصدر ممنون حسین نے کہا کہ خطہ شمال وجنوب اور یورپ و ایشیاء کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دہشت گردی، منی لانڈرنگ او راسمگلنگ جیسےجرائم کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ ای سی او کے تمام ممالک مل کر کام کریں اور قانون سازی میں ایک دوسرے سے تعاون کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ای سی او چیئرمین کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری سےبخوبی آگاہ ہے اور ای سی او کے منصوبوں اور اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ای سی او اٹارنیز اور پراسیکیوٹرز جنرل کا تیسرا اجلاس رکن ممالک کے مابین عدالتی تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی ۔
صدر مملکت نے کہا کہ ای سی او ممالک کے درمیان ٹرانسپورٹ و مواصلات، انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری کو آسان بنانے اور اہم شعبہ جاتی ترجیحات کے تعین کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای سی او خطے میں آزاد تجارت کی جانب ایکو ٹریڈ ایگریمنٹ بڑا اقدام ہے۔