تازه خبریں

صدر ممنون حسین سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جوابی بیانیہ تیار کیا جائے ۔ تنظیم کے پلیٹ فارم سے جاری ہونے والا بیانیہ مسلم امہ کیلئے زیادہ موثر اورقابل قبول ہو گا ۔
اسلام آباد میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے جس سے مسلمان سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ۔صدر مملکت نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار پر او آئی سی اور مسلم ملکوں کے کردار کو سراہا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کا آزاد کشمیر اور لائن آف کنٹرول کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا ۔
ڈاکٹر یوسف احمد نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ او آئی سی کے ایجنڈے پر سر فہرست ہے ۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی عوام کی خواہشات کے مطابق کشمیر اور فلسطین کے مسئلوں کے منصفانہ حل کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔