تازه خبریں

ظلم کیخلاف جب عوامی ردعمل آئے گا تو حالات کنٹرول کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہو گی،علامہ مظہرعباس علوی

شیعہ علما کونسل پنجاب اور جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور کے زیراہتمام سانحہ حیات آباد پشاور کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ایس یو سی کے صوبائی صدر علامہ مظہر عباس علوی، نائب صدر علامہ حافظ سید کاظم رضا نقوی اور شیعہ علما کونسل لاہور کے صدر علامہ حسن رضا قمی نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مظہر عباس علوی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہیں، دہشت گرد دندناتے پھرتے ہیں، انہیں کوئی روکنے والا نہیں، نہتے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ عوام کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے، آج عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، سانحہ اے پی ایس کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ دہشت گردی پر قابو پا لیا جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا، سکیورٹی ادارے صرف اپنی حفاظت کرنے میں مصروف ہیں، عوام کے حفاظت کے لئے حکومت اور سکیورٹی اداروں کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں،  اوپر نیچے تین بڑے واقعات راولپنڈی چٹیاں ہٹیاں، شکار پور اور اب پشاور میں حیات آباد رونما ہو چکے ہیں۔
علامہ مظہر علوی نے کہا کہ اگر یہی صورت حال رہی تو عوام کی طرف سے ظلم کیخلاف جب ردعمل آئے گا تو حالات کنٹرول کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہو گی۔ علامہ علوی نے کہا کہ پنجاب میں قومی ایکشن پلان کے نام پر بیلنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بے گناہوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے جو کسی صورت قبول نہیں، اسے روکا جائے اس طریقہ کار کی وجہ سے قومی ایکشن پلان سے عوام کا اعتماد اٹھتا جا رہا ہے، ہم 21 ویں ترمیم اور فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں لیکن پنجاب حکومت، انتظامیہ اور پولیس پرامن شہریوں کو گرفتار کر کے عوام کے اندر بدگمانیاں  پیدا کر رہی ہے کہ یہ کیسا ایکشن پلان ہے جس میں دہشت گرد تو آزاد پھر رہے ہیں لیکن امن پسندوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔
علامہ حافظ کاظم رضا نقوی نے کہا کہ دہشت گرد آپریشن ضرب عضب کو ناکام بنانا چاہتے ہیں، لیکن فوج کو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ آپریشن جاری رکھنا چاہیے، اور پورے ملک میں اس کا دائرہ کار بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے حکومت عوام کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے لہذا وزیراعلیٰ کے پی کے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو بھی دہشت گرد ڈکلیئر کیا جائے اور جیلوں میں قید سزا یافتہ قیدیوں کو فی الفور تختہ دار پر لٹکایا جائے، سانحہ حیات آباد کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور دہشتگردی کے تمام مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں۔ مظاہرین سے علامہ حسن رضا قمی اور جے ایس او لاہور ڈویژن فخر عباس نبڑ اور شاہد عباس حیدری نے بھی خطاب کیا۔