اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی رہنماوں نے کہا کہ ترقی کے ثمرات سے استفادہ کرنے کیلئے مواصلاتی رابطوں کا فروغ اور ہم آہنگی کا قیام ضروری ہے ۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا موجودہ صدی ایشیاء کی ابھرتی ہوئی معیشت کا دور ہے۔معاشی سرگرمیاں مغرب سے مشرق کی طرف منتقل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ای سی او ممالک سے گزرنے والا راستہ مغرب کیلئے مختصر ترین روٹ ہے۔ روابط کا فروغ ایشیائی ممالک کے مستقبل اورترقی کی ضمانت ہے ۔
تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ملک جغرافیاتی محل وقوع کے لحاظ سے نہایت اہمیت کے حامل ہیں جن کے درمیان ریل ، سڑک اورفضائی رابطوں کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دینا ہو گی۔۔صدرامام علی رحمان نے کہا کہ کاسا ایک ہزار منصوبے کی طرح توانائی کے شعبے میں ای سی او ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کانفرنس سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ اجلاس کا بنیادی مقصد علاقائی روابط کا فروغ ہے۔خطے کی ترقی کیلئے علاقائی روابط انتہائی ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکی نے علاقائی ترقی کیلئے مختلف منصوبے شروع کیے ہیں۔ ای سی او ملک ان منصوبوں میں شامل ہوں۔صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ رکن ملکوں کی حقیقی ترقی کیلئے توانائی کے شعبے پر توجہ اور خطے کی افرادی قوت اور مہارت سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ ترک صدر نے کہا کہ مذہبی انتہا پسندی اور بد امنی خطے کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ داعش اور اس طرح کے دوسرے چیلنجز سے مل کر نمٹنے کی ضرورت ہے۔
ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف نے اجلاس سے خطاب میں کہا خطے میں امن کے فروغ کیلئے بھرپور تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔خطے کے ممالک کو قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو بروئے کار لانے پر توجہ دینا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ نئی اقتصادی راہداریوں کی تعمیر سے معاشی ترقی اور عالمی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ترکمانستان کے صدر نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطے کی معاشی ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔افغانستان میں امن علاقائی ،عالمی اور خود افغان عوام کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا ترقی کیلئے ضروری ہے کہ ای سی او کو سیاسی تنازعات کا شکار نہ ہونے دیا جائے گا۔۔
ازبکستان کے نائب وزیراعظم الغ بیگ روزوکلوف نے کہا کہ خطے میں پائیدار ترقی کیلئے امن ناگزیر ہے۔ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ازبکستان بہترین صلاحیتوں کا مالک ہے اورتعمیراتی سامان اور ٹرانسپورٹ کی برآمدات میں بھی مقام رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کیلئے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہو گی ۔
افغانستان کے سفیر عمر ذخیلوال نے افغانستان کی طرف سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرا ئی۔۔ افغان سفیر نے کہا کہ علاقائی تعاون اور روابط کا فروغ افغانستان کی پالیسی کا حصہ ہے۔علاقائی روابط کے فروغ کیلئے رکن ملکوں میں امن و استحکام ناگزیر ہے۔
کرغزستان کے وزیراعظم سورن بائیجن بیکوف نے سربراہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ ترقی کے ثمرات حاصل کرنے کیلئے سائنس وٹیکنالوجی کے شعبو ں میں تعاون بڑھانا ہو گا۔۔مستقبل میں توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے محفوظ ذرائع استعمال کرنا ہونگے۔کرغزستان کے وزیراعظم نے کہا ای سی او خطے کے ممالک کی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔