تازه خبریں

عراقی حکومت نے کربلا آنے والے زائرین کے لیے ویزہ کی سہولیات عراقی ایئرپورٹس اور بارڈرز پر دینے کا اعلان کیا ہے

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )عراقی حکومت نے کربلا آنے والے زائرین کے لیے ویزہ کی سہولیات عراقی ایئرپورٹس اور بارڈرز پر دینے کا اعلان کیا ہے۔عراقی دفتر خارجہ کے مطابق اربعین پر کربلائے معلیٰ آنے والے زائرین کی مشکلات کے پش نظر عراقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دنیا بھر سے جو زائرین اربعین سے قبل عراق آنا چاہتے ہیں انہیں ویزے کے لیے عراقی ایمبیسی جانے کی ضرورت نہیں ۔ وہ بغیر ویزے کے عراق کے کسی بھی ائیرپورٹ اوزمینی راستے سے عراق داخل ہو کر ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔اس سلسلے میں اگر کسی زائر کو کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ انٹرنیٹ پر موجود ایڈریسز پر رابطہ کر کے اپنی مشکل سے آگاہ کرے۔عراقی حکام کے مطابق اس سال اربعین پر ڈھائی کروڑ زائرین کی آمد متوقع ہے۔پاکستان سے عراق جانے والے زائرین کو اکثر یہ شکایت رہتی ہے کہ پیشہ ور ٹریول ایجنٹ سالاروں کے روپ میں ان سے ہاتھ کر جاتے ہیں۔ ایسے عناصر کی رپورٹ فوری طور پر ایف آئی اے (فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی) کو کی جائے تاکہ زائرین کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جا سکے۔