تازه خبریں

مرکزی صدر جے ایس او پاکستان سید فتح محمد رضوی محرم الحرام 1448 کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے

جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 29واں یومِ تاسیس، مرکزی صدر کا خصوصی پیغام

جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 29ویں یومِ تاسیس پر مرکزی صدر سید فتح رضوی کا
خصوصی پیغام

آج جب جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اپنے قیام کے انتیسویں سال میں داخل ہو رہی ہے، تو محرم الحرام کے مقدس ایام میں یہ موقع جشن سے زیادہ تجدیدِ عہد، احتسابِ نفس اور اپنی ذمہ داریوں کے احساس کا تقاضا کرتا ہے۔ میں ملک بھر کے تمام ذمہ داران، کارکنان، سابقین اور وابستگانِ تنظیم کو یومِ تاسیس پر استقامت اور اپنے مشن سے وابستگی کی تجدید کی دعوت دیتا ہوں۔

آج ہماری نوجوان نسل فکری، اخلاقی، تعلیمی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں دین، علم، اخلاق اور کردار پر ثابت قدم رہنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہر انقلابی تبدیلی میں نوجوانوں نے کلیدی کردار ادا کیا، اور اسی حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے ہمیشہ نوجوانوں کی فکری، نظریاتی، تعلیمی اور اخلاقی تربیت کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔

29واں یومِ تاسیس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہماری اصل قوت علم، کردار، نظم و ضبط اور خدمتِ دین ہے۔ ہمیں تعلیمی میدان میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے اسلامی تہذیب و ثقافت کے فروغ، نوجوانوں میں اتحاد، اخوت، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ، اور الحاد، بے راہ روی اور اخلاقی زوال جیسے فتنوں کا علمی و اخلاقی انداز میں مقابلہ کرنا ہے۔

واقعۂ کربلا ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ حق پر استقامت، ظلم کے خلاف مزاحمت اور دین کی سربلندی کے لیے جدوجہد ہی مؤمن کی حقیقی پہچان ہے۔ ہمیں اسی حسینی فکر کو اپنی عملی زندگی، تعلیمی میدان اور معاشرتی کردار کا حصہ بنانا ہوگا۔

آج یومِ تاسیس کے موقع پر ہم اپنے رہبرِ معظم سید مجتبیٰ خامنہ ای اور قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان، نمائندۂ ولیِ فقیہ آیت اللہ سید ساجد علی نقوی مدظلہ العالی کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اعادہ کرتے ہوئے عہد کرتے ہیں کہ ان کی رہنمائی میں نسلِ نو کی فکری، نظریاتی اور اخلاقی تربیت کے مشن کو مزید قوت کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔

بارگاہِ خداوندی میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کو اپنے اہداف میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے، تمام کارکنان کو اخلاص، بصیرت، استقامت اور خدمتِ دین کی توفیق دے، اور ہمیں ایک باکردار، باشعور اور مضبوط معاشرے کی تعمیر میں مؤثر کردار ادا کرنے کی سعادت نصیب فرمائے۔