تازه خبریں

عراق: بغداد بم دھماکوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 300 تک پہنچ گئی

جعفریہ پریس ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کی رات بغداد کے مرکزی علاقے الکرادہ میں عبدالرسول امام بارگاہ کے قریب ہونے والے کار بم دھماکے میں چھیاسی افراد شہید اور دو سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جس علاقے میں یہ دھماکہ ہوا وہاں متعدد سیاسی جماعتوں کے دفاتر اور سرکاری ادارے واقع ہیں۔ دھماکے سے دکانوں، گھروں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔

قبل ازیں بغداد کے شمالی علاقے الشعب میں واقع شلال بازار کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں چھے افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوئے تھے۔

عراق کے وزیراعظم حیدرالعبادی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف آہنی ہاتھ استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ داعشی دہشت گردوں نے فلوجہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں عراقی فوج اور عوامی رضاکاروں سے ذلت آمیز شکست کھانے کے بعد اب عام شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

قابل ذکر ہے کہ ان دھماکوں کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی ہے۔