تازه خبریں

علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں یوم القدس منایا گیا قبلہ اول تمام مسلمانوں کا مشترکہ مسئلہ ہے ،علامہ عارف واحدی

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پرمرکزی یوم القد س کمیٹی کی جانب سے ملک کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں اورقصبوں میں جمعتہ المبارک کے موقع پر القدس ریلیاں ،اجتماعات اور سیمنار منعقد کئے گئے۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم القدس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ او آئی سی ، اسلامی ممالک اور عالمی طاقتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی اجتماعی قوت اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو روکیں ۔ قبلہ اول اُمت مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے، جو نصف صدی سے زائدعرصہ سے صہیونی طاقتوں کے زیر تسلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس پر غاصبانہ قبضے کے ساتھ ساتھ مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیل کے وحشیانہ مظالم انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں ۔علاہ ازیں ہمیں یوم القدس کورسمی حد تک منانے کیلئے محدود نہیں کرنا چاہیئے بلکہ مسلسل عوامی پرامن جدوجہد کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کر کے اس مسئلے کو زندہ رکھیں تاکہ اسرائیلی جارحیت کا راستہ روکا جاسکے ۔امت مسلمہ کے ممالک اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ہر حوالے سے فلسطینیوں کی امداد کریں اور جو ممالک امداد کررہے ہیں ہم انہیں سراہتے ہیں۔
ملک بھر کی طرح مرکزی القدس ریلی اسلام آباد میں نکالی گئی ،جو آبپارہ چوک پر ایک بڑے احتجاجی اجتماع میں تبدیل ہو گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ عالمی یوم القدس کے موقع پر اتحاد بین المسلمین کے عملی مناظر خوش آئند ہیں اور قبلہ اول تمام مسلمانوں کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ اسرائیل اور اسکے سرپرست عالمی طاقتیں مظلوم فلسطینیوں پر مظالم اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی قابل تشویش ہے ۔اجتماع سے،صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ سید مشتاق حسین ہمدانی ،علامہ سید فرحت عباس ہمدانی،سکند ر گیلانی ایڈووکیٹ،مولانا کوثر عباس قمی، مولانا فرحت عباس جوادی، مولانا قاسم جعفری ضلعی صدر شیعہ علماء کونسل راولپنڈی،ضلعی صدرملک تنویر حیدر، تصور عباس ضلعی جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل اسلام آباد ،مولانا سید وزیر حسین کاظمی ،مولانا سید عقیل اصغر کاظمی ،مولانا مہر فرحت عباس نے بھی شرکت و خطاب کیا ۔آخر میں عالمی اور ملکی صورتحال پر قرار دادیں منظور کی گئیں ۔