فلسطینیوں کی بھر پور حمایت جا ری رکھیں گے ، علامہ شبیر میثمی
قائد ملت جعفریہ پاکستان کی ہدایت پر فلسطینی بھایئوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں احتجاج کیا گیا، مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان
انسانی حقوق کے علمبردار اقوام متحدہ سمیت عرب لیگ اور او آئی سی کی کارکردگی سے اُمت مسلمہ مایوس ، امن قائم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں
راولپنڈی /اسلام آباد 13اکتوبر 2023ء ( جعفریہ پریس پاکستان )قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پاکستان ، جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن پاکستان سمیت دیگر مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے چاروںصوبوں پنجاب ،سندھ ،بلوچستان ، خیبر پختونخوا اور کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں اسرائیل کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں پر کارپٹڈبمباری،تاریخی ظلم و جبرکیخلاف ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں ، سیمینار و دیگر پروگرامزکا انعقاد کیا گیاجس میں علماء کرام، شیعہ علماء کونسل اور جے ایس او کے مرکزی ، صوبائی ، ڈویژنل ، ضلعی و تحصیل کی سطح کے عہدیداران ا ور کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر علامہ شبیر حسن میثمی کہتے ہیں کہ مشکل کی ا س گھڑی میں ہم فلسطینی مظلوموں کے ساتھ ہیں۔اسرائیل کے اس ظالمانہ رویہ کیخلاف ہم فلسطینیوں کی اخلاقی و انسانی حمایت جا ری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ غزہ(فلسطین) کے23لاکھ سے زائدمظلوم اور نہتے شہریوں پر تیل ،پانی ،بجلی اور خوراک حتیٰ کہ ادویات تک کی فراہمی بندہے اور علاج کی تمام سہولتیں مفقود ہیں۔رہائشی عمارتوں، تعلیمی اداروں، ہسپتال اور مساجد حتی کہ امدادی ٹیموں پربھاری اور وسیع پیمانے پر بمباری کی جارہی ہے۔یہاں تک کہ اسرائیل کی جانب سے ممنوعہ کلسٹراورفاسفورس بم استعمال کیے جارہے ہیں۔غزہ پر چار ہزار سے زائد مرتبہ وحشیانہ بمباری میںایک ہزار سے زائدعمارتیں زمین بوس ہو کر کھنڈرات میں تبدیل ہوچکیں، مکین معصوم بچے، عورتیں اورمردشہید ،زخمی اورمعذور ہو چکے ہیں۔ انسانی حقوق کے علمبردار اقوام متحدہ سمیت عرب لیگ اور او آئی سی کی کارکردگی سے اُمت مسلمہ مایوس ، امن قائم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔ آخر میں علامہ شبیر حسن میثمی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے ،جنگ بندی اور شہریوں کوپانی ،خوراک و ادویات زخمیوں کو علاج معالجہ کی فراہمی کویقینی بناتے ہوئے پائیدار امن اور مستقل حل کیلئے مثبت کر دار ادا کریں ۔