اسلام آبادیکم جولائی 2016ء ( )شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہاہے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر وفاقی دارالحکومت ، کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں یوم القدس کی ریلیاں، مظاہرے ، سیمینارز اور مذاکروں کا انعقاد کیاگیا۔علامہ عارف واحدی نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہاء کردی،ہم فلسطینیوں کی آئینی ،جمہوری اور اخلاقی حمایت جا ری رکھیں گے ۔بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی ؒ نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے ا ظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں، اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں کیا جاسکتا، پاکستان میں بھی امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور ملک میں جاری ٹارگٹ کلنگ و دہشتگردی کو روکنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ہر سال کی طرح امسال بھی جمعۃ الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پر اسلام آباد میں مرکزی القدس ریلی مرکزی میلوڈی تا آبپارہ چوک نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی اور علامہ سید مشتاق حسین ہمدانی صوبائی جنرل سیکرٹری SUCپنجاب نے کی۔ اس موقع پر میاں محمد اسلم مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی ،پیر سعادت علی شاہ آف چورہ شریف، مولانا شیخ شفا نجفی ،مولانا انیس الحسنین خان ،مولانا ثاقب اکبر،شیعہ علماء کونسل اسلام آباد کے ضلعی صدرمحمد علی کاظمی ، راولپنڈی کے ضلعی صدر مولانانصیر حسین موسوی ، مولانا فرحت عباس جوادی،،مولانا نذر عباس شیرازی، مولانا، سید عقیل کاظمی، تطہیر عالم رضوی ، سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ،آخونزادہ زاہد علی عسکر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری SUCاور سید محمود نقوی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے خطاب میں کہاکہ مسئلہ فلسطین و کشمیر بین الاقوامی دنیا کے سلگتے ہوئے مسائل تھے ابھی وہ بھی حل نہ ہوپائے کہ استعمار نے شام ، افغانستان ، عراق ،یمن ،لبنا ن اوربحرین میں ایک سازش کے تحت آگ بھڑکانا شروع کردی ۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیلی ظلم و بربریت کی انتہاء ہوچکی مگر افسوس اقوام متحدہ نے ہمیشہ دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ، افسوس او آئی سی بھی خاموش تماشائی بنی رہی اور مسلم ممالک کی اکثریت نے بھی ہونٹ سی لئے ہیں جو کہ مقام افسوس و باعث تشویش ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا ، ان کا کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔